پاکستان تیزی سے ڈیفالٹ کی جانب بڑھ رہا ہے، حماد اظہر
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا کہنا ہے موجودہ حکمرانوں کو عوام پر مسلط کیا گیا، جس نے آپ کو مسلط کیا وہ چلا گیا ہے اب آپ بھی چلے جائیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی ڈالر کی قلت اس بات کی غماضی کررہی ہے کہ پاکستان تیزی سے ڈیفالٹ جانب بڑھ رہا ہے۔
ملکی معیشت کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ملک میں باقاعدہ ڈیفالٹ کا رسک پیدا ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ طاقتور حلقوں کے پیغامات عمران خان کو پہنچانے لگے
صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل ، عمران خان کا دسمبر کی ڈیڈلائن میں توسیع سے انکار
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں خطرناک حد تک مختلف مصنوعات کی قلت پیدا ہونے جا رہی ہے، مارکیٹ میں ڈالر کی قلت بھی دیوالیہ پن کی جانب واضح اشارہ ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت بیجنگ اور آئی ایم ایف کے سہارے پر بیٹھی ہے، ملک میں افراطِ زر 24 فیصد تک جا پہنچا ہے۔
اُن کا میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہنا تھا کہ معیشت پہلے ہی بہت بڑے بحران کا شکار ہے، معیشت ڈنڈے کے زور پر چلنے والی نہیں۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ ، غیر ضروری اخراجات اور توانائی سے ایمرجنسی کی ضرورت ہے، وقت آ گیا ہے کہ عوام کی رائے کو مقدم سمجھا جائے۔
حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ کے پاس کوئی منصوبہ بندی نہیں تو کسی دوسرے کو آنے دیں، آپ کو عوام نہیں لائے، آپ کو تو مسلط کیا گیا، جس نے آپ کو مسلط کیا وہ چلا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خوف سے آپ نے پورا نظام پلٹ کر رکھ دیا ہے، لوگوں کو اٹھانے، تشدد کرنے سے ملک آگے نہیں بڑھتے۔