گرفتاری کا ڈر یا وجہ بیماری بنی ، شہباز گل سروسز اسپتال داخل
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل گذشتہ کچھ روز سے کھانسی اور سانس لینے میں دشواری محسوس کررہے تھے جس بنا پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما شہباز گل کو طبیعت ناساز ہونے پر سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے شہباز گل کے خلاف مزید دو مقدمات درج کرلیے گئے اور وہ گرفتاری کے خوف سے اسپتال منتقل ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہبازگل کو سانس لینے میں دشواری اور کھانسی کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا اور ایمرجنسی وارڈ میں ان کا علاج جاری ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء کچھ روز سے کھانسی اور سانس لینے میں دشواری محسوس کررہے تھے۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے خلاف کراچی میں مزید 2 مقدمات درج کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق شہباز گل کے خلاف رضویہ سوسائٹی اور سرجانی ٹاؤن تھانوں میں شہریوں نے مقدمات درج کرائے ہیں۔
پولیس کا بتانا ہے کہ سرجانی ٹاؤن تھانے میں شہری دانیال رشید نے ایف آئی آر نمبر 1775/22 درج کرائی جبکہ رضویہ تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 598/22 درج کرایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) 2016 سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق شہباز گل کی سوشل میڈیا پر پاک فوج کے افسران کے خلاف تقریر دیکھیں، جن میں پاک فوج کے سربراہ اور میجر جنرل رینک کے افسر کے خلاف عوام کو اکسایا گیا ہے۔
درج کرائے گئے مقدمے میں مدعی کا موقف ہے کہ ملزم شہباز گل نے سوچی سمجھی سازش کے تحت تقریر کر کے اسے سوشل میڈیا پر وائرل کیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق شہباز گل نے تقریر کر کے عوام میں آرمی کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی۔









