گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر خزانہ کی ملاقات ، سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسحاق ڈار کا کہنا ہے 1999 میں ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ایٹمی دھماکوں کے بعد معاشی پابندیوں کے باوجود ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا۔ اب بھی ملک کو معاشی استحکام دیں گے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گورنر ہاؤس میں ملاقات گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی، ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم ،پارٹی اور پوری قوم کی نگاہیں آپ پر ہیں۔ ان شاء اللہ آپ اور آپ کی تجربہ کار ٹیم جلد ملک کو معاشی مشکلات سے نکالے گی۔ آپ اور آپ کی پوری ٹیم کی ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
مولانا فضل الرحمان بلوچستان میں اِن ایکشن: پرانے اور نئے ساتھیوں کی جے یو آئی (ف) میں واپسی
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ الحمد اللہ ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے۔ ملک میں ترقی کا سفر نئے عزم اور جذبے سے دوبارہ شروع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دور میں ریکارڈ خسارہ اور بھاری قرضوں کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی ملک کو مشکلات اور بحران سے نکالا ہے۔ 1999 میں ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ایٹمی دھماکوں کے بعد معاشی پابندیوں کے باوجود اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم کر کے ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا۔ اب بھی وہی تجربہ کار ٹیم ملک میں معاشی بحران ختم کر کے معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہے۔









