میری اسمبلی سے نکلنے کی تیاری دسمبر میں ہو جائے گی، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے جب ملک ترقی کررہا تھا تو چوروں کو ہم پر مسلط کردیا ، چوروں کو کس نے مسلط کیا سب کو معلوم ہے ، ملک میں جب انتخابات ہوں گے تو پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی برآمدات ہر ماہ 18 فیصد گر رہی ہیں ، برآمدات بڑھے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا ، ڈالر نہیں ہوں گے تو قرضوں کی قسطیں کیسے ادا کریں گے۔ آج ہماری حکومت ہوتی تو یقینی طور پر برآمدات بڑھتیں، ہمارے دور میں انڈسٹری ترقی کررہی تھی ، فیصل آباد میں فیکٹری مالکان کو مزدور نہیں مل رہے تھے ، ایکسپورٹ بڑھ رہے تھی ، ہم آئے تو ایکسپورٹ 19 بلین ڈالر تھی ہم ایکسپورٹ کو 33 بلین ڈالر تک لے کر گئے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان کے دو خاندانوں کو قبضہ ہے ، ضمیر بیچ کر چوروں کو مت بچائیں ، این آر او ٹو کی وجہ سے دونوں پارٹیوں کے کیسز ایک ایک کرکے ختم ہورہے ہیں ، چوروں کا ٹولا ہم پر مسلط کردیا گیا ہے ، مجھے فکر ہے کہ اگر انتخابات نہ ہوئے تو پاکستان تباہ ہو جائے گا ، انتخابات ہونے سے قبل ہی معیشت پر اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں ، گذشتہ 36 ضمنی انتخابات میں سے 29 تحریک انصاف نے جیتے ۔ زرداری اور نواز شریف کو انتخابات میں شکست کا خوف ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نواز شریف اور چوہدری سالک کی ملاقات: کیا پنجاب میں حکومت تبدیل ہونے جارہی ہے؟

مسلم لیگ ن کے سربراہ کی عمران خان سے متعلق بڑی پیش گوئی سامنے آگئی

انہوں نے کہا کہ جب ہم کہتے تھے کہ باہر مہنگائی تو کوئی نہیں سنتا تھا ، آج پاکستان کی 50 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے ، آج مہنگائی 24 فیصد پر پہنچ چکی ہے کسی کو پرواہ نہیں ہے ، ہمارے دور میں مہنگائی 12 فیصد تھی تو مائیک لے کر لوگوں سے پوچھا جاتا تھا کہ کتنی مہنگائی ہے ، شور مچایا ہوتا تھا کہ میں نے مہنگائی کردی ہے ، آج کیوں نہیں پوچھا جاتا۔ بلاول بھٹو نے ہمارے دور میں دو بار مہنگائی مارچ کیا تھا۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا آج مختلف چینلز پر میری گھڑیوں پر پروگرام کیے جاتے ہیں ، وہ میری ذاتی گھڑی تھی بیچوں یا نہ بیچوں اس سے آپ کو کیا لینا دینا ہے ، ان چینلز کو گھڑی کو فکر پڑی ہوئی ہے ، کسی کو مہنگائی کی فکر نہیں ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا انتخابات جب بھی ہوں گے تحریک انصاف ہی کامیاب ہو گی ، شکست کے خوف سے موجودہ حکمران انتخابات نہیں کرا رہے۔ زرداری اور نواز شریف کو یہ خوف ہے اگر الیکشن ہار گئے تو کیسز دوبارہ کھل جائیں گے۔ ان کے ذاتی مفاد کی وجہ سے ملک تباہ ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل سے کم ہو گئی ہے، آج جب تیل کی قیمتیں نیچے آگئی ہیں تو کیوں کسی کو فکر نہں ہے ، ہمارے دور میں کورونا کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھیں ، ڈالر کم قرضے بڑھ رہے ہیں ، بیرونی سرمایہ کاری نہیں آرہی ، موجودہ حکومت کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے ، جتنی دیر موجودہ حکومت چلے گی بحران مزید سنگین ہوتا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پانچ سالہ دور حکومت میں ایکسپورٹ صفر فیصد بڑھی ، جب ایکسپورٹ نہیں بڑھے گی تو کیسے ملکی دولت میں اضافہ ہوگا ، قرضے بڑھ رہے ہیں ، ایکسپورٹ کم ہورہی ہے ، پاکستان کو کریڈٹ رسک 100 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا میری اسمبلی سے نکلنے کی تیاری دسمبر میں ہوجائے گی۔ الیکشن کمیشن مجھے نااہل کرنے کی تیاری کررہا ہے ، الیکشن کمیشن مجھے نااہل قرار دے کر مزید ذلت کمائے گا، موجودہ الیکشن کمشنر سے زیادہ بددیانت شخص پہلے کبھی نہیں آیا۔

عمران خان کا کہنا تھا جب ملک اوپر جارہا تھا تو چوروں کو ہم پر مسلط کردیا گیا ، دنیا کے کسی ملک میں آج تک کسی چور کو این آر او ملا ہے ، کسی مذہب معاشرے میں آج تک کسی چور کو این آر او نہیں ملا ۔

متعلقہ تحاریر