ریکوڈک سے متعلق سینیٹ سے بل پاس کروا کر جمہوری روایات کو روندھا گیا، سینیٹر میر طاہر بزنجو

سینیٹ میں نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر میر طاہر بزنجو کا کہنا ہے افسوس کا مقام ہے کہ ریکوڈک کا بل سینیٹ سے پاس کرایا گیا مگر ہمیں موقف دینے کے لیے فلور فراہم نہیں کیاگیا۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹ میں نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ آج جمہوری حکومت نے ریکوڈک کے حوالے سے بل کو پاس کروا کر سیاسی و جمہوری روایات کو روندھ ڈالا ہے۔ یہ اقدام 18ویں ترمیم کو دفن کرنے کے مترادف ہے۔جو نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ بھرپور قابل مذمت ہے۔

نیشنل پارٹی کے رہنماء نے جاری بیان میں کہا ہے کہ صوبائی اختیارات میں مداخلت اور غیر قانونی اختیارات لینے کےلیے حکومت نے عجلت میں ریکوڈک بل کو سینٹ میں لایا گیا جو نہ ایجنڈے میں شامل تھا اور نہ ہی کسی سے اس میں بارے میں بات چیت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے

ادارے انصاف کے لیے کھڑے ہو جائیں، عمران خان کی پکار

نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے ضمانت طلبی، چوہدری شجاعت لندن جائیں گے

ان کا کہنا ہے کہ بل آنے پر نیشنل پارٹی اور چند جمہوری و آئین دوست سینیٹرز نے سخت احتجاج کیا لیکن افسوس کے ایوان بالا کی تقدس کو پامال کرتے ہوئے ہمیں فلور نہیں دیا گیا۔ جو کہ افسوسناک امر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو تسلسل سے 2018 میں بلوچستان میں مصنوعی جماعت بناکر اس کو انتخابات میں کامیاب بنایا گیا۔ جس نے بتدریج اپنے صوبائی اختیارات میں چشم پوشی اختیار کی اور خود کے اختیارات کو وفاق کے سپرد کرنے میں کوشش کرتی رہی۔ وہ سب کے سامنے عیاں ہے۔

سینیٹر میر طاہر بزنجو نے کہا کہ یہ توقع نہیں تھا کہ وفاق میں موجود جمہوری و 18ویں ترمیم کے خالق جماعتیں ایسے منفی اقدام کرینگے۔ 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوشش تو روز اول سے رہی لیکن جمہوری جماعتوں نے اس پر سمجھوتا نہیں کیا ، لیکن آج اس غیر جمہوری عمل کے حصہ بن کر 18ویں ترمیم کے ساتھ کھلواڑ کرنے سمیت قومی اکائیوں سے سنگین ناانصافی ہے۔

میر طاہر بزنجو نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی واضح پالیسی ہے کہ قومی اکائیوں کو مکمل اختیار حاصل ہو اور اکائیوں کو اپنے وسائل پر مکمل حقِ اختیار ہو۔ نیشنل پارٹی 18 ویں ترمیم کو ملکی مفاد کی ضامن اور اکائیوں کی محرومیوں کو دور کرنے کا ذریعہ سمجھتی ہے۔

سینیٹر طاہر بزنجو نے کہا کہ نیشنل پارٹی ریکوڈک کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں کریگا اور کسی کو بلوچستان کے بچوں کا مستقبل کا سودا کرنے نہیں دے گی۔

متعلقہ تحاریر