میاں نواز شریف جنوری کے دوسرے ہفتے وطن واپس آرہے ہیں، پارٹی ذرائع
ن لیگ کی سینئر قیادت کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی سے قبل حکومت پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے جارہی ہے جبکہ وزیر خزانہ نے اس پر کام بھی شروع کردیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جنوری کے دوسرے ہفتے میں واپسی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پہلے مرحلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت لے گی۔ نواز شریف اپنی ہوم گراؤنڈ لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کرنا چاہتے ہیں مگر پارٹی کے اکثر سینئر رہنماؤں نے نواز شریف کو اسلام آباد لینڈ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ریکوڈک سے متعلق سینیٹ سے بل پاس کروا کر جمہوری روایات کو روندھا گیا، سینیٹر میر طاہر بزنجو
پارٹی ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف وطن واپسی کے بعد فوری اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنے کیس کا سامنا کرنے کے لئے پیش ہوں گے۔
پارٹی قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو واپسی سے قبل بجلی کی قیمتیں اور پٹرول سستا کرنے کی ہدایات کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف چاہتے ہیں بجلی تین سو یونٹ تک عوام کو فری دی جائے۔ نواز شریف کے مطابق پٹرول کم از کم 190 روپے فی لیٹر تک عوام کو دیا جائے۔ اسحاق ڈار نے بجلی اور پٹرول کے ریلیف پیکج پر ورکنگ شروع کر دی ہے۔