ایم کیو ایم کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، شکایات کے انبار لگادیے

پیپلزپارٹی نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، تاحال دفاتر کھولنے کی اجازت نہیں ملی، بلدیاتی الیکشن کیلیے لگائے گئے جھنڈے اور بینر اتارے جارہے ہیں، ایم کیو ایم لندن اور الطاف حسین کے حق میں چاکنگ کی جارہی ہے، ایم کیوایم کا شکوہ، وزیراعظم کی آصف زرداری سے بات کرنے کی یقین دہانی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے 2 رکنی وفد نے گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ  وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی کی جانب سے معاہد ے پر عملدرآمد نہ کرنے سمیت بلدیاتی الیکشن کی مہم کے حوالے سے شکایا ت کے انبار لگادیے۔

وزیراعظم نے ایم کیوایم کے وفد کوپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے بات کرکے معاملات حل کرانے کی یقین دہانی کرادی۔

یہ بھی پڑھیے

الطاف حسین کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت کا حق کس نے دیا؟

عمران خان سے صدر عارف علوی اور مونس الٰہی کی ملاقاتوں کی اندرونی کہانی

ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اورڈپٹی کنوینر وسیم اختر نے گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں کراچی میں نئی حلقہ بندیوں اور بلدیاتی الیکشن پر بات ہوئی اور وفد نے ایم کیو ایم پیپلزپارٹی معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے وفد نے نئی حلقہ بندیوں سمیت بلدیاتی انتخابات کی مہم کے حوالے سے وزیراعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگادیے۔

ایم کیوایم کے رہنماؤں کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی نے تاحال کوئی وعدہ پورا نہیں کیا،بلدیاتی الیکشن سر پر ہیں لیکن انہیں تاحال دفاتر کھولنے کی اجازت نہیں، بلدیاتی الیکشن کی مناسبت سے لگائے گئے ایم کیو ایم پاکستان کے پرچم اور بینر اتارے جارہے ہیں جبکہ تشویشناک طور پر شہر میں بانی ایم کیوایم الطاف حسین کے حق میں وال چاکنگ اور بینرز آویزاں کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے وفد نے شکوہ کیا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی اور ضلعی بلدیات ایم کیو ایم کے سپرد کرنے سمیت کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد نے وزیراعظم کو یاد دلایا کہ معاہدے پر ان کے بطور گواہ دستخط ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایم کیو ایم وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس پر آصف زرداری سے بات کریں گے۔

دریں اثنا ایم کیوایم کے وفد نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زردار سے بھی اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایم کیوایم نے آصف زرادری سے الگ ملاقات میں بھی معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے کا شکوہ کیا جس پر سابق صدر نے ایم کیو ایم کے تحفظات پروزیراعلیٰ سندھ سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ تحاریر