موجودہ حکومت ہائبرڈ ہے عمران خان حکومت گرانے میں کچھ حصہ اسٹیبلشمنٹ کا تھا، مصطفیٰ نواز

پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما اور سابق سینیٹر کا کہنا ہے عمران خان کی حکومت بھی ہائبرڈ تھی اور موجودہ حکومت بھی ہائبرڈ ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے موجودہ حکومت کو ہائبرڈ حکومت 2.0 قرار دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ایک ہائبرڈ رجیم گورنمنٹ تھی۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے تو وہ کام کیے ہیں جو عمران خان حکومت نے بھی نہیں کیے تھے۔

ان خیالات کا اظہار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے جیو نیوز کے پروگرام "نیا پاکستان” میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اینکر پرسن شہزاد اقبال کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ جس طریقے کے فیصلے کیے جارہے ہیں ، جس دن سے شہباز شریف وزیراعظم بنے ہیں ، وہ فیصلے تو شائد عمران خان کی حکومت میں بھی نہیں ہوئے تھے ، سرکاری ملازمین کی ترقی کا انحصار انٹیلی جنس ایجنسی کے این او سی پر ہوگا۔ سرکاری ملازمین کی جو بچی کچی آزادی دی تھی ہم نے تو وہ بھی قربان کردی ہے۔ اس کے علاوہ سیاسی مخالفین پر جو تشدد ہورہا ہے اس میں حکومت کا کردار ماؤتھ پیس سے زیادہ نہیں ہے۔ ہم اس کی اونرشپ لیتے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

فواد چوہدری نے عدالت عظمیٰ میں حکومت کے جھوٹ کو بےنقاب کردیا

مریم اور حمزہ کے گروپوں میں پھوٹ، ن لیگ لاہور کا ورکرز کنونشن بری طرح فلاپ

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا فرق کیا ہوا ، جن چیزوں پر ہم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے کہ ان کے دور میں سیاسی مخالفین  پر بدترین تشدد ہوا ، رانا ثناء اللہ صاحب پر ہیروئن کا کیس ڈال دیا گیا ، یہ غلط کیس تھا ، سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جاتا رہا ، مریم نواز صاحبہ کے ساتھ کیا ہوا ، فریال تالپور صاحبہ کے  ساتھ کیا ہوا ، زرداری صاحب کے ساتھ کیا ہوا ، نواز شریف صاحب کو ملک چھوڑ کر جانا پڑا۔ جب ہم اس ماحول سے گزرے تھے تو ہمیں یہ سوچنا چاہیے تھا کہ ہم نے 90ویں کی دہائی بھی دیکھی ہوئی ہے ، ہمیں اپنے تجربے سے عمران خان کے دور حکومت میں جو کچھ غلط ہوا تھا اس کا جمہوری انداز سے جواب دینا چاہیے تھا۔ بدقسمتی سے ہم آج ملک کو 90ویں کی دہائی میں دھکیل چکے ہیں۔ اب اگر عمران خان دوبارہ حکومت میں آتے ہیں تو وہ قدرتی طور پر اپنے مخالفین کو دبائیں گے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا ہم ایک سرکل میں پھنس چکے ہیں ، وہ جماعتیں جو جمہوریت کی دعوے دار ہیں انہیں سیاسی انتقام میں بالکل نہیں پڑنا چاہیے تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام "نیا پاکستان” میں اعلان کرتے ہوئے سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا میں اب پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا میری تمام نیک خواہشات پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ تحاریر