ذاتی خرچ سے غیرملکی دورے،بشریٰ گوہر نے بلاول بھٹو سے ذریعہ آمدن پوچھ لیا

میں پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ خود خریدتا ہے اور اپنے ہوٹل کا بل بھی خود ادا کرتا ہے، بلاول بھٹو کا دعویٰ: ان کا ذریعہ آمدن کیا ہے، بشریٰ گوہر کا وڈیو پر تبصرہ

 وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو اربوں روپے مالیت کے غیرملکی دورے ذاتی خرچ سے کرنے کا دعویٰ مہنگا پڑگیا۔اے این پی کی سابق  رہنما بشریٰ گوہر نے وزیرخارجہ سے ذریعہ آمدن پوچھ لیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری  کے غیر ملکی دوروں پرسرکاری خزانے کے پونے 2 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کردیا، کابینہ بھی تحلیل

ایک شخص نے ملک سے ظلم کیا، عمران خان کی جنرل (ر) باجوہ کا نام لیے بغیر تنقید

گزشتہ روز امریکا میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال پر وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے اپنے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات سامنے رکھتے ہوئے کہاتھا کہ”میں پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ خود خریدتا ہے اور اپنے ہوٹل کا بل بھی خود ادا کرتا ہے“۔

بلاول کا کہنا تھا کہ” میں اپنے بیرون ملک دوروں کے اخراجات کا بوجھ قومی خزانے پر نہیں ڈالتا اور اگر ایسا کرتا بھی تو بطور وزیر خارجہ یہ میرا استحقاق ہے“۔

انہوں نے   کہا کہ ”میں وزیر داخلہ نہیں بلکہ وزیر خارجہ ہوں، میرے بیرون ملک دوروں کا فائدہ میری ذات کو نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کو ہوا ہے“۔

بلاول کا کہنا تھا کہ” دیگر لوگ شائد چھٹی منانے بیرون ملک دوروں پر جاتے ہیں مگر میری محنت کی وجہ سے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل گیا، میرے بیرون ملک دوروں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی فوائد حاصل ہوئے“۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ” پاکستان اس وقت جی 77 یعنی پوری دنیا کے ترقی پذیر ممالک کے اتحاد کی قیادت کررہا ہے، ہم نے کوپ 27 میں  موسمیاتی تباہی سے ازالے کو ایجنڈے میں شامل کروایا اور یہ پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کی ایک بڑی کامیابی ہے“۔

 اے این پی کی سابق رہنما بشریٰ گوہر نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی وڈیو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ”ان کا ذریعہ آمدن کیا ہے“۔بشریٰ گوہر کے ٹوئٹ پر صارفین کی اکثریت نے جواب دیا کہ بلاول بھٹو زرداری  سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور حاکم علی زرداری کے پوتے ہیں اور جدی پشتی لینڈ لارڈ ہیں ۔

 کئی صارفین نے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کانشانہ بھی بنایا۔کسی نے کہا کہ ملک کی آمدن کا 10 پرسنٹ ان کا ذریعہ آمدن ہے تو کسی نے سندھ حکومت کو ان کی آمدن کا ذریعہ قراردیا۔

متعلقہ تحاریر