زرداری اور ان کے بیٹے نے پیپلز پارٹی کو سکیڑ کر بی بی کے دشمنوں کا مشن پورا کردیا، فواد چوہدری

گڑھی خدا بخش میں بلاول بھٹو زرداری کے خطاب پر تنقید کے تیر چلاتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے مہروں زرداری اینڈ سن نے بے نظیر بھٹو کے فلسفے پر وہ گہری چوٹ لگائی ہے جو دشمن بھی نہیں لگاسکے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر اور سابق وفاقی فواد چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے مرحومہ بے نظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی کو سکیڑ کر ان کے قاتلوں کا مشن پورا کردیا ہے جبکہ ان کے دشمن بھٹو ازم کو ختم کرنے میں ناکام رہے۔

گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مقتول وزیراعظم اور اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے لے کر جانے اور اسے اگلے 15 سالوں میں پورا کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

حسین حقانی کی خدمات لےکر میرے خلاف پاکستان سے سازش کی گئی،عمران خان

اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت تھی عمران خان ایک حقیقت ہے، فواد چوہدری

بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر ہم سب نے مل کر مکمل کرنا ہے۔

اپنے خطاب کے آغاز میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بے نظیر کو قتل کرنے والوں کا خیال تھا کہ وہ ان کی پارٹی کو آگے بڑھنے سے روک دیں گے۔ "میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ آئیں اور دیکھیں کہ یہاں گڑھی خدا بخش میں کتنے لوگ جمع ہیں۔ اتنے سالوں کے بعد بھی بی بی کے جیالے یہاں موجود ہیں۔”

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ "صدر زرداری اور میں بی بی کے مشن کو آگے لے کر جارہے ہیں جو کام رہ گئے تھے اگلے 15 سالوں میں مکمل کرلیے جائیں گے۔”

چیئرمین پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا عمران نیازی فوج کو متنازعہ بنانے کے مشن پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "ہم نے عمران کو آئین کے ذریعے گھر بھیجا اور یہ پہلا موقع تھا جب پارلیمنٹ نے کسی وزیر اعظم کو معزول کیا۔ ان کے خلاف بند دروازوں کے پیچھے کوئی سازش نہیں رچی گئی ، بلکہ انہیں پارلیمنٹ کے ذریعے عہدے سے معزول کروایا گیا۔

بلاول نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ منتخب افراد کو الوداع کہا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو ہٹانے کی سازش وائٹ ہاؤس میں نہیں بلکہ بلاول ہاؤس میں تیار کی گئی۔

ملک میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام پوچھتے ہیں کہ عمران خان نے کن سے پوچھ کر دہشتگردوں سے مذاکرات کیے ، پارلیمنٹ سے پوچھے بغیر "دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیک” دیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ "میں حکومت سے بات کروں گا اور دہشت گردی کے لیے خوشامدانہ پالیسی پر نظرثانی کروں گا۔ ہمیں عمران خان کی پالیسی کو چھوڑ کر ریاست کی رٹ قائم کرنی ہو گی۔”

بلاول کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” Establishment کی کٹھ پتلیوں نے آج بے نظیر بھٹو کے مزار پر تماشہ لگایا، زرداری اینڈ سن نے بے نظیر کے فلسفے ہر وہ گہری ضرب لگائی کہ بے نظیر کے قاتل بھٹو کو ختم نہیں کر سکے لیکن پیپلز پارٹی کی وفاقی حیثیت کو ختم کر کے انھوں نے بینظیر کے دشمنوں کا مشن پورا کر دکھایا۔”

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے آگے بڑھتے ہوئے لکھا ہے کہ "آج ملک میں صرف ایک وفاقی پارٹی اور ملک کا صرف ایک لیڈر ہے، چاغی کے پہاڑوں سے خیبر تک اور لاہور سے کراچی تک عمران خان کی للکار ہے۔”

بلاول بھٹو زرداری کو سیاسی بونا قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری نے لکھا ہے کہ "سیاسی بونے صرف جعلی تقریروں سے سیاست میں زندہ نہیں رہ سکتے۔”

متعلقہ تحاریر