شفاف انتخابات تک ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے 17 سال بعد بہترین پرفارمنس دینے والی حکومت کو ہٹا کر چوروں کو مسلط کردیا گیا۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ، آٹا ، بجلی ، دالیں ، گیس ، پیٹرول ، ٹماٹر ، گھی اور پیاز 200 فیصد مہنگا ہو گیا ہے۔ بہترین پرفارمنس والی حکومت کو ہٹا کر چوروں کو مسلط کردیا گیا۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اکنامک سروےکے مطابق ہماری حکومت نے 17 سال بعد بہترین پرفارمنس دی تھیں ، جب کابینہ میٹنگ میں اعدادوشمار بتائے گئے تو تسلیم نہیں کیے جارہے تھے ، منی لانڈرنگ کرنے والے آج ہمیں درس دے رہے ہیں ، دو خاندانوں کی لوٹ مار سے ملک مقروض ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان جہاں پہنچ گیا ہے بڑی سرجری کرنا پڑے گی، عمران خان
این ڈی ایم اے نے’اومیکرون‘ کے نئے ویریئنٹ سے متعلق نئی احتیاطی تدابیر جاری کردیں
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سنا ہے اجلاس میں ڈالر باہر لے جانے پر پابندی لگانے کا فیصلہ ہوا ہے ، ایون فیلڈ اور سرے محل کے لیے ڈالر باہر لے جانے والے آج ہمیں درس دے رہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اسٹے آرڈر کی وجہ سے راوی ریور سٹی کا منصوبہ رک گیا ، راوی ریور سٹی منصوبے پر 10 ماہ کا اسٹے آرڈر دے دیا گیا ، راوی ریور سٹی میں صاف پانی کے پلانٹ لگائے جانے تھے ، راوی ریور سٹی کو بنانے کا مقصد دریائے راوی کو بچانا تھا۔ سندھ حکومت نے بنڈل آئی لینڈ پر این او سی دے کر واپس لے لیا ، ہماری کوشش تھی کہ راوی ریور سٹی اور بنڈل آئی لینڈ میں اوورسیز پاکستانی انویسٹمنٹ کریں۔ ہم نے ملک میں ڈالر لانے کے لیے بنڈل آئی لینڈ اور راوی ریور سٹی جیسے منصوبے تیار کیے۔
ان کا کہنا تھا ہم نے اسپیشل اکنامک زون بنائے تھے ، ہماری حکومت نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھے کیے ، ہمارے دور میں ٹیکسٹائل سیکٹر میں مزدور نہیں مل رہے تھے ، اب صورتحال یہ ہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے 15 لاکھ مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں ، ہمارے دور میں 55 لاکھ نئی نوکریاں پیدا کی گئیں ، اس وقت روپے کی قدر مسلسل کم اور ڈالر اوپر جارہا ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا ن لیگ کے دور میں تیل کی قیمتیں کم تھیں اس کے باوجود تاریخ کا بڑا خسارہ چھوڑ کر گئے ، ایکسپورٹرز کی مشکلات کا کم کرنا بہت ضروری ہے ، ایکسپورٹ کو بڑھائے بغیر ملک کو ایشین ٹائیگر اور لاہور کو پیرس بنانے کا خواب کیسے پورا ہوگا؟آئی ایم ایف سے قرضے لیں گے تو فیصلے خود کیسے کریں گے؟ آئی ایم ایف پروگرام میں جاکر ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا میڈیا پر ہمارے خلاف ناکام پروپیگنڈا کیا گیا ، ہماری حکومت نے تین ارب ڈالر کی ویکسین امپورٹ کی تھی ، مسلم لیگ ن کے دور میں ایکسپورٹ نہیں بڑھی تھی۔
پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کو ملک کے نظام انصاف پر اعتماد نہیں ہے ، ملک میں رول آف لاء ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی ، شہباز شریف نے اقتدار میں آکر ایف آئی اے کو ختم کردیا ، نیب قوانین میں ترامیم کرکے تمام چوروں نے اپنے کیسز ختم کرا لیے ، اب پاکستان میں وائٹ کالر کرائم کو پکڑا ہی نہیں جاسکتا ، اسحاق ڈار کے دبئی میں 100 ، 100 ملین ڈالر کے ٹاور ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت ایک صورت میں ٹھیک ہوسکتی ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ پیسے مانگ کر ملک کو نہیں چلایا جاسکتا۔ شہباز شریف نے اقتدار سنبھالا تو کہا کہ چھ میں ملک ٹھیک کردیں گے ، شہباز شریف بڑا عقلمند بنتا تھا بے نقاب ہو گیا۔