پاکستان کو غریب ہمارے اپنے لوگوں نے بنایا ہے، سید خورشید شاہ
وفاقی وزیر خورشید شاہ کا عوام سے کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ مایوس نہ ہوں پاکستان میں بہت کچھ ہے مگر ہمارے ساتھ بیٹھے وہ لوگ جو بیرونی سازشوں کا شکار ہوتے ہیں وہ دوبارہ شکار نہ ہوں۔
سکھر: وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان غریب ملک نہیں اسے غریب بنایا گیا اور اسے ایسا بنانے میں ہمارے اپنے لوگ شریک رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کی تحصیل پنوعاقل میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ امریکہ ،چائنہ ،جرمنی ،فرانس، بھارت اور دیگر ممالک کی ترقی کوئلے سے ہوئی ہے مگر جب ہمارے یہاں کوئلہ نکلا تو انوائرمنٹ کا مسئلہ اٹھایا گیا اور بینظیر بھٹو کی جانب سے 1995میں تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو رکوایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
سلیمان شہباز کی جہانگیر ترین سے ملاقات ، ترین نے ن لیگ میں شمولیت کا معاملہ ٹال دیا
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جان بوجھ کر افغانستان کی جنگ میں دھکیلا گیا 30 سال تک گوادر پر کام نہیں کرنے دیا گیا بعد میں آصف زرداری نے حکومت میں آکر گوادر واپس لیا اور کام شروع کرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تھرکے کوئلے سے ہمیں 2000 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے جو کچھ عرصے میں 5000 میگاواٹ ہو جائے گی اور جو ڈیمز کی تعمیر ہورہی ہے وہ مکمل ہوگئی تو ہم اس وقت جو بجلی فی یونٹ 90 روپے۔عوام کو فراہم کررہے ہیں وہ 2025 میں 15 روپے فی یونٹ فراہم کریں گے۔
سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں کارخانے لگیں گے ،پانی ملے گا ،روزگارملے گا اور تھر سے لے کر پہاڑوں تک کے لوگوں کو روزگار ملے گا۔
وفاقی وزیر خورشید شاہ کا عوام سے کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ مایوس نہ ہوں پاکستان میں بہت کچھ ہے مگر ہمارے ساتھ بیٹھے وہ لوگ جو بیرونی سازشوں کا شکار ہوتے ہیں وہ دوبارہ شکار نہ ہوں پاکستان ،ریاست اور عوام کو مقدم رکھیں پھر چاہے وہ سیاست کریں ،دھوکہ دیں ،جھوٹ بولیں اور بلاشک یوٹرن لیتے رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس وقت ملک کے حالات بدترہیں اور بدتر ہوتے جارہےہیں اور یہ حالات سابق حکومت نے بدتر کیے مہنگائی میں تسلسل جاری ہے ہمیں اسے روکنا ہے لیکن ہم قوم کو جھوٹے آسروں اور وعدوں پر نہیں چلانا چاہتے مجھے سیاست میں 54 سال گذر گئے ہیں میں ان 54 سال میں کبھی پاکستان سے مایوس نہیں ہوا ، قوم بھی مایوس نہ ہو۔
جلسے کےدوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ یہ شہر آپ کا ہے اور آپ ہی اسے بہتر کرسکتے ہیں اور ہم سیاستدان اس کی بہتری کے لیے آپ کے ساتھ ہیں پنوعاقل میں بائی پاس بنارہے ہیں۔ ہم آپ کو مسائل سے نکالنا چاہتے ہیں اور ایک سیاستدان کا مقصد بھی عوام کو مسائل سے نکالنا ہونا چاہییے۔