مسلم لیگ (ن) کا پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لینے کا فیصلہ
ن لیگ کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنما پنجاب اور کے پی کے انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ اتریں اور لوگوں کو عمران خان کی کرپشن سے آگاہ کریں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو پنجاب میں الیکشن کی تیاریوں کی ہدایات کر دیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے مسلم لیگ ن کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور دیگر اہم رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کو غریب ہمارے اپنے لوگوں نے بنایا ہے، سید خورشید شاہ
پنجاب اسمبلی تحلیل ہوگی یانہیں؟ عمران خان اور پرویز الہیٰ میں مقابلہ اب ہوگا
ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف نے ہدایت کی کہ پورے پنجاب میں پارٹی کے رہنما اور ورکر متحرک ہو جائیں۔
نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو پنجاب میں الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے امیدوار بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری کریں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا غیر جمہوری سوچ رکھنے والے عمران خان سے کوئی اچھی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ عمران خان کی حکومت میں ملک کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا اور انتخابی مہم کا بنیادی ایجنڈا بھی یہی ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ عمران خان کے دور میں ان کے گھر سے شروع ہونے والی کرپشن کے بارے میں بھی عوام کو بتایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ قومی اسمبلی اپنا وقت پورا کرے گی، کسی بھی صورت عمران خان کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے، پنجاب اور کے پی کے میں بھرپور الیکشن لڑیں گے۔اا