ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا اب شہباز شریف کی باری ہے، چوہدری پرویز الہیٰ
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہہ دیا ہے کہ اب مجھے شہباز شریف کا بندوبست کرنا ہے ، وہ کھڑا ہو گیا ہے قوم اس کے ساتھ آگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ہزار لوگوں کی مخالفت کے باوجود ہم اپنے مخالفین کا کام پورا کردیں گے ، کل عمران خان صاحب نے ٹھیک کہا ہے کہ شہباز شریف کا میں بندوبست کروں گا۔
لاہور میں خاتم النبیین یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے ووٹ آف کنفیڈنس لے لیا ہے اب شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔ شہباز شریف کی تمام اسکیمیں ناکامی سے دوچار ہیں۔ اب پی ڈی ایم میں ایسی پھوٹ پڑجائے گی کہ یہ لوگ اٹھنے کے قابل نہیں رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
زندگیاں بدلنی ہیں تو ووٹ ضرور کاسٹ کریں، عمران خان کا سندھ کی عوام کےنام پیغام
مسلم لیگ (ن) کا پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لینے کا فیصلہ
چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ایک جھوٹے کی کلاس لینے کے لیے نواز شریف نے اسے لندن بلالیا ہے۔ نواز شریف کیوں نہیں آرہا ، وہ کہتا ہے کہ ہمیں ناکامی نظر آرہی ہے۔ ان کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ اتنا بڑا قدم اٹھالیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اب شہباز شریف غائب کی مدد کا انتظار کررہا ہے ، کیونکہ یہ بہت ہشیار بنتا تھا ، مگر غائب کی مدد اس لیے نہیں آئے گی کیونکہ یہ لوگ بےنقاب ہو گئے ہیں۔ اسحاق ڈار کہتا تھا میں ڈالر لے آؤں گا ، اب ن لیگ والے بری طرح سے بے نقاب ہو گئے ہیں۔
نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے وطن واپس نہ آنے سے ن لیگ اور نیچے چلی گئی ہے ، یہ لوگ ان شاء اللہ انتخابات میں منہ چھپاتے پھریں گے۔
عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کی سوچ اچھی ہے ، ان کا لیڈر عمران خان ایماندار اور نیک ہے ، اور وہ چاہتا ہے کہ ملک ترقی کرے ، اس کے اندر ملک کو بنانے کا جذبہ ہے، آخر اس ملک کو کسی نے تو بہتر کرنا ہے ، کسی کو تو کھڑا ہونا ہے ، آج جب وہ کھڑا ہوا ہے تو قوم اس کے ساتھ آگئی ہے۔