کے یو جے کا نیوز ون، بول ٹی وی اور میڈیا ہاوسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اظہار تشویش

تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر میڈیا مالکان کے دفاتر اور گھروں کا گھیراؤ کیا جائے گا

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نیوز ون اور بول ٹی وی میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار  کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا مالکان پرانی روش نہ اختیار کریں۔ میڈیاہاوسز میں ناصرف تنخواہیں وقت پر ادا کی جائیں بلکہ کئی ماہ کی رکی ہوئی تنخواہیں بھی فوری طور پر ادا کی جائیں۔

 کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی  کی جان سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کا نادہندہ نیوز ون ٹی وی ایک دفعہ پھر اپنی پرانی روش پر آرہا ہے۔ ادارہ  پر پہلے ہی 7 ماہ کی تنخواہیں واجب الادا ہیں تاہم ان مئی میں ادارے میں کوئی تنخواہ نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

کے پی اسمبلی میں خواجہ سراؤں کے تحفظ کا بل پیش، خواتین پر تشدد کیخلاف بل منظور

انہوں نے کہا کہ  نیوز ون ٹی وی نے 2019 صحافی تنظیموں سے تحریری معاہدہ کیا تھا کہ اپریل 2020 تک تمام ملازمین کی تمام واجب الادا تنخواہیں ادا کردی جائیں گی جبکہ  اس وقت بھی ادارے میں 6 ماہ کی تنخواہیں واجب الادا تھیں لیکن نیوز ون کی انتظامیہ نے اس معاہدے پر عمل نہیں کیا اور آج ادارے میں ملازمین کی واجب الادا تنخواہیں 7 ماہ کی ہوچکی ہیں۔

کے یو جے کے عہدیداران  نے بول نیوز میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بول نیوز کے مالک شعیب شیخ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر تنخواہیں ادا کریں ۔بول نیوز میں تاحال اپریل کی تنخواہ نہیں کی گئی ہے جبکہ رپورٹنگ الاونس، فیول الاونس اور میڈیکل کے بلز بھی ادا نہیں کیے جارہے ہیں ۔بول نیوز میں ملازمین کی تنخواہوں میں 2015 سے کوئی اضافہ بھی نہیں کیا گیا  جبکہ 2018 میں تنخواہوں میں کٹوتی  بھی کی گئی جو تاحال جاری ہے ۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مالکان میڈیا ورکرز کا خیال کریں جن کی محنت سے ان کے محل روشن ہیں اور وہ عیش و عشرت والی زندگی گزار رہے ہیں۔ بیان میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ میڈیا ہاوسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر سے ادائیگی کا نوٹس لیں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے میڈیا مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی پرانی روش پر آنے کی کوشش کی تو کراچی یونین آف جرنلسٹس بھی ماضی کی طرح ان کے دفاتر اور گھروں کا گھیراؤکرے گی۔

متعلقہ تحاریر