پیٹرول کی بچت کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا بڑا اقدام
سب ڈویژن پر تعینات جوڈیشل افسران ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹرز پر ماہانہ میٹنگز میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کرینگے

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے ضلعی عدلیہ میں انصاف کی جلد فراہمی کے لئے بڑا اقدام اٹھا لیا۔ تحصیل،سب ڈویژن کی سطح پر تعینات جوڈیشل آفسران کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹرز پر ہونے والے ماہانہ اجلاسوں میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
لاہورہائی کورٹ کے ایڈمن جج برائے آئی ٹی، جسٹس شجاعت علی خان کی کاوشوں اور مشاورت سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تحصیل سطح پر تعینات جوڈیشل افسران کو ضلعی سطح پر ہونے والے ماہانہ اجلاسوں میں شرکت کرنے کے لئے لمبا سفر طے کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹرز جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیے
نظر رکھی جائے دعا زہرا غیرقانونی طور پر سرحد پار نہ کرسکے، سندھ ہائیکورٹ
تحصیل، سب ڈویژن پرتعینات جوڈیشل افسران کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹرزپر ہونے والی ماہانہ میٹنگز میں شرکت کرنے کے لئے لمبا سفر طے کرنا پڑتا تھا۔ جوڈیشل افسران کی عدم دستیابی کی وجہ سے سائلین و وکلاء کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی کے ان احکامات سے ماہانہ پٹرول کے اخراجات کو کم کرنے میں مدد بھی ملے گی جبکہ تحصیل سطح پر تعینات جوڈیشل افسران بذریعہ ویڈیو لنک متذکرہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اجلاس سے فارغ ہونے کے بعد عدالتی کام بھی سرانجام دیں گے۔