غداری کا مقدمہ بناکر مجھے راستے سے ہٹانے کی کوشش ہورہی ہے، عمران خان
یہ جب عوام میں جائیں گے چور اور غدار کے نعرے لگیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آج کوشش کی جارہی ہے کہ غداری کا مقدمہ کرکے مجھے راستے سے ہٹایا جائے۔ مجھ پر غداری کا مقدمہ چلانے کی بات کی جارہی ہے۔ کیا نوازشریف اور زرداری مجھ پرغداری کا مقدمہ چلائیں گے؟۔ زرداری نے حسین حقانی کے ذریعے امریکا کو کہا تھا کہ اسےفوج سے بچائیں،کیا زرداری مجھ پرغداری کا مقدمہ کرے گا؟۔
بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم مجھے گزشتہ 40 سال سے جانتی ہے ۔ ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا ۔کبھی نہیں چاہتے کہ پولیس ، رینجرز یا فوج سے تصادم ہو مگر مجھے کہا جارہا ہے کہ کیسز بنا کر جیل میں ڈال دیا جائے گا ۔ جیل تو چھوٹی چیز ہے ، میں اپنی جان دینے کیلئے تیار ہوں۔
یہ بھی پڑھیے
کوتاہی برتی تو حالات کی ذمہ داری اسٹیبلشمنٹ پر عائدہوگی، عمران خان
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ہمارے ملک کے نیوٹرل سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب آپ نے فیصلہ کیا کہ نیوٹرل ہوجاتے ہیں تو میں نے انھیں بتایا یہ سازش کامیاب ہوگئی تو معیشت کو بہت نقصان ہوگا۔ ٹھیک ہے نیوٹرل اچھی چیز ہے لیکن ملک کی سالمیت بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک مضبوط ہوگا تو ہم اس کا دفاع بھی کرسکتے ہیں۔میں نے ہمیشہ مثال دی ہے کہ سویت یونین اورامریکا کی طاقتور فوجیں تھی۔ سویت یونین کی معیشت نیچے گئی تو ان کی فوج ٹوٹ گئی۔ آج امریکا بھی مضبوط پاکستان نہیں دیکھنا چاہتا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم شہبازشریف پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن میں دھاندلی کی پوری تیاری کررہے ہیں ۔الیکشن کمیشن کو ساتھ ملا کر میچ فکس کررہے ہیں۔یہ جھوٹے کیسزبناکر لوگوں میں خوف پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔پولیس کو ساتھ ملا کر اپوزیشن کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن یہ پھر بھی الیکشن جیت نہیں سکتے۔ یہ جب عوام میں جائیں گے چور اور غدار کے نعرے لگیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان موجودہ مہنگائی کی لہر پر حکومت پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شور مچاتے تھے کہ پی ٹی آئی نے مہنگائی کردی۔ آج اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اللہ الحق ہے، سچ نہیں چھپتا ہمارے اوپر بھی آئی ایم ایف کا قیمتیں بڑھانے کیلئے دباؤ تھا لیکن ہمارے ساڑھے3 سال ہمارے دورمیں آٹے کا تھیلا 326 روپے مہنگا ہوا لیکن ان کے دو ماہ میں آٹے کا تھیلا 422 روپے مہنگا ہوگیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارےدور حکومت میں پٹرول 56 روپے 90 پیسے بڑھا جبکہ ان کے دو ماہ میں پٹرول فی لیٹر60 روپے بڑھ گیا۔ہمارے زمانے میں ایک لیٹر ڈیزل 50 روپے 70 پیسے بڑھا اور انہوں نے 2 ماہ میں فی لیٹر60 روپے بڑھا دیا ۔









