بھارتی سیاستدانوں کا رویہ دہشتگردی پر مبنی ہے، جامعہ الازہر

گستاخانہ بیان توہین آمیز، جہالت کا عکاس اور مسلمانوں کیخلاف نفرت بھڑکا رہا

مصرکی سب سے قدیم جامعہ الازہر نے بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کی سرکاری ترجمان کے گستاخانہ بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیاست دانوں کا رویہ دہشتگردی پر مبنی ہے جو دنیا کو شدید بحرانوں اور جنگ میں جھونک سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جامعہ الازہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مہذب دنیا کو سیاسی فائدے کے لیے مذاہب ، اعلی انسانی اقدار کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت موقف اختیار کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

مودی کی پالیسی نے انڈیا کو دنیا بھر میں تنہا کردیا، اشوک سوائن

 جامعہ الازہر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمراں جماعت کی ترجمان کا گستاخانہ بیان توہین آمیز اور جہالت کا عکاس ہے، بھارتی سیاستدانوں نے انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لئے اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کا سہارا لیا ہے اور وہ مسلمانوں کے خلاف نفرت بھڑکا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی شو میں نبی آخر زمان ﷺ کی شان میں گستاخی  کی جس پر پوری دنیا میں بھارت کی مذمت کی جا رہی ہے جبکہ سعودی عرب ، قطر، عمان، سمیت خلیجی ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی جاری ہے ۔

بھارت کی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی(بی جے پی) کی ترجمان نوپورشرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آنے پر بی جے پی کی ترجمان کو عہدے سے ہٹادیا گیا  جبکہ نوپورشرما نے  اپنی گستاخانہ  رویے اور الفاظ پر معافی مانگ لی ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

بھارت میں مسلمانوں  اور نچلی ذات کے ہندوؤں پر ملازمتوں کے دروازے بند ہونے لگے

نوپورشرما نے بھارتی ٹی وی چینل پرگفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا ان کا کبھی بھی ارادہ نہیں تھا۔ا گر میرے الفاظ سے کسی کے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہیں تو میں اپنے الفاظ واپس لیتی ہوں۔ میرا مقصد کبھی کسی کو تکلیف دینا نہیں تھا۔

متعلقہ تحاریر