نون لیگ کو  بڑا دھچکا، لیگی رکن  فیصل نیازی مستعفی، محمد کاشف نااہل ہوگئے

پی پی 209 خانیوال سے نون لیگ کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے فیصل نیازی پی ٹی آئی کے قافلے کا حصہ بن گئے

پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے استعفیٰ دیکر  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔  مستعفی  رکن پنجاب اسمبلی خانیوال سے  منتخب ہوئے تھے ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی فیصل خان نیازی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر پنجاب اسمبلی کو جمع کروا دیا ہے جبکہ بہاولنگر سے نون لیگ کے رکن محمد کاشف کو عدالت نے جعلی ڈگری پر نااہل  قرار دے دیا ۔

یہ بھی پڑھیے

مسلم لیگ ن کے رہنما اویس لغاری نے پنجاب کے وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

نون لیگ کے مستعفی رکن  پنجاب اسمبلی  فیصل نیازی 2018 کے عام انتخابات میں حلقہ پی پی 209 خانیوال سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے ۔

فیصل نیازی کا کہنا تھاکہ خوشی اور ہو ش و حواس میں اپنا استعفیٰ دے رہا ہوں۔ مسلم لیگ نون کی سیاست سے اب کوئی تعلق نہیں ہے ۔ میرے راستے  مسلم لیگ ن سے جدا کرچکے ہیں ۔

لیگی رکن پنجاب اسمبلی  فیصل نیازی  کے استعفے  اور پی ٹی آئی میں شمولیت پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ آج حمزہ شہباز کے پنجاب اسمبلی میں دو ووٹ مزید کم ہو گئے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ   فیصل نیازی نے استعفیٰ دے دیا جبکہ بہاولنگر سے نون لیگ کے رکن محمد کاشف جعلی ڈگری پر نا اہل ہو گئے۔ 17 جولائی کو اس گرتی ہوئی دیوار کو آخری جھٹکا لگے گا اور ساری عمارت زمیں بوس ہو گی۔

دوسری جانب  اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پہلا استعفیٰ آگیا ہے۔ نون  لیگ کے مزید ارکان بھی استعفیٰ دیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل  مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل احمد شرقپوری نے  بھی اپنی رکنیت سے استعفیٰ دیکر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔

منحرف رہنما جلیل احمد شرقپوری مسلم لیگ ن کے ٹکٹ سے ضلع شیخوپورہ پی پی 139 سے تھے اور بعد ازاں 2019 میں اس وقت کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی درخواست پر پنجاب اسمبلی میں فارورڈ بلاک میں شامل ہوئے۔

متعلقہ تحاریر