وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی پنجاب میں گورنر راج لگانے کی بڑھکیں

رانا ثنا اللہ نے کہا پنجاب میں گورنر راج لگانے کی سمری پر کام شروع کردیاہے، شاہ محمود قریشی نے کہا منہ کی کھانی پڑے گی

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نےکہا کہ ہے کہ پنجاب میں گورنرراج  لگانے کی سمری پرکام شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرا پنجاب میں داخلہ بند کرنے سے متعلق باتیں کی جا رہی ہے اگر صوبے میں میرا داخلہ بند کیا گیا تو گورنر راج کے لیے یہ جواز ہی بہت ہوگا ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ میرا پنجاب میں داخلہ بند کرنے کی باتیں کر رہے ہیں تاہم اگر ایسا کوئی عمل کیا جاتا ہے تو یہ جواز  پنجاب میں گورنر راج لگانے کیلئے کافی ہوگا، اس حوالے سے سمری پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن نے عدلیہ مخالف مہم تیز کردی

لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عدالت عظمی کے فیصلے سے ملکی سیاسی صورتحال  بدترین نہج پر پہنچ گئی ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصرے تشویشناک اور قابل افسوس ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ  کا کہنا تھا کہ  عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ہمارا الیکشن میں جانے کا فیصلہ تھا تاہم اتحادیوں  کی مشاورت سے مشکل  حکومت سنبھالنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں  گورنرراج کے نفاذ کی کھل کرمخالفت کردی۔ پی ٹی آئی رہنما اسدعمر کا کہنا تھاکہ اگر کسی نے گورنر راج کی غلطی کی تو بیوقوفی ہوگی، یہ گھنٹوں بھی نہیں چل پائے گا۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین  سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہا اگر کسی نے صوبے میں گورنر راج لگانے کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھانہ پڑے گی ۔

خیال رہے کہ  گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دے دی ۔

سپریم کورٹ نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کرتےہوئے حکم دیا تھا کہ گورنر پنجاب ان سے حلف لیں تاہم گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے چوہدری پرویز الٰہی سے حلف لینے سے معذرت کرلی جس کے بعد  صدر مملکت نے حلف لیا تھا۔

متعلقہ تحاریر