پی ایس ایل 8: کراچی کنگز نے مسلسل 3 شکست کے بعد روایتی حریف لاہور قلندر کو ہرادیا

کراچی کنگز کے186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 18 ویں اوور میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، 35 رنز بناکر ایک وکٹ لینے والے کپتان عماد وسیم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

پی ایس ایل 8 میں ہوم گراؤنڈ پر مسلسل 3 شکستوں کے بعد کراچی کنگز نے بالآخر روایتی حریف لاہور قلندرز کے خلاف اپنا پہلا میچ جیت لیا۔

کراچی کنگز کے186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 18 ویں اوور میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ 67 رنز  کے بڑے فرق سے فتح کے باعث کراچی کنگز 3 میچز ہارنے کے باوجود بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر آگئی۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 8: اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست

مارٹن گپٹل کے 117 رنز نے کراچی کنگز کو مسلسل تیسری شکست سے دوچار کردیا

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے  گئےمیچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگزکومیتھیو ویڈ اور جیمز ونس نے 70 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، میتھیو ویڈ 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ حیدر علی نے 18 اور شعیب ملک نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔

جیمز ونس 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بین کٹنگ 20 رنز بنا سکے، عماد وسیم نے 19 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی۔لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی، زمان خان، حارث رؤف اور لیام ڈاؤسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے مرزا طاہر بیگ کے علاوہ کوئی بھی بیٹر کراچی کنگز کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، مرزا طاہر بیگ 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کامران غلام نے 23 اور سکندر رضا نے 18 رنز کی اننگز کھیلیں۔

کراچی کنگز کی جانب سے عاکف جاوید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر یامین اور بین کٹنگ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔کپتان عماد وسیم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

متعلقہ تحاریر