شاہد آفریدی کی نصیحت کام نہیں آئی، محمد عامر کی پھر بدتمیزی

فاسٹ بولر نے لاہور قلندرزکیخلاف میچ میں بھی اپنی بدتمیزی کا سلسلہ برقرار رکھا اور غیرملکی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کےبعد نامناسب اشارہ کیا

کراچی کنگز کے فاسٹ بولر محمد عامر پر سابق کپتان  شاہد آفریدی کی نصیحت کا کوئی اثر نہیں ہوا۔

فاسٹ بولر نے لاہور قلندرزکیخلاف میچ میں بھی اپنی بدتمیزی کا سلسلہ برقرار رکھا اور غیرملکی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کےبعد نامناسب اشارہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 8: کراچی کنگز نے مسلسل 3 شکست کے بعد روایتی حریف لاہور قلندر کو ہرادیا

پی ایس ایل 8: اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست

کراچی کنگز کے فاسٹ بولر محمد عامر نے لاہور قلندرز کیخلاف میچ میں تیسرے نمبر پر آنے  والے ویسٹ انڈین بلے باز شائے ڈیگو ہوپ کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرانے کے بعد پویلین کی جانب دیکھ کر نازیبا اشارہ کیا ۔

محمد عامر کے نازیبا اشارے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل  محمد عامر نے پشاور زلمی کیخلاف میچ کے دوران کپتان بابر اعظم کی جانب بلاوجہ گیند پھینکی تھی جس پر انہیں تنقید کانشانہ بنایا گیاتھا۔

بعدازاں سابق کپتان شاہد آفریدی نے محمدعامر کو فون کرکے سمجھایا تھااورآئندہ ایسا نہ کرنے کی تلقین کرتے  ہوئے کہا تھا کہ محمد عامر آئندہ ایسا نہیں کریں گے۔

ایک نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بتایا کہ”میں نے محمد عامر کو اس حوالے سے میسج کیا تھا“۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ”میں نے محمد عامر کو میسج کیا تھا، عامر کو میں نے عزت بھی دی اور ڈانٹا بھی، میں نے عامر سے کہا کہ کیا چاہ رہے ہو، آپ اتنی  نے عزت کمائی ہے، آپ پر ایک دھبہ لگا ہوا تھا جس سے آپ واپس آئے ہو، آپ کو کرکٹ میں نئی زندگی ملی ہے“۔

سابق کپتان نے کہا کہ” آپ کرنا کیا چاہ رہے ہو، یہ کوئی طریقہ ہے، جونیئر لڑکے آپ کے سامنے کھیل رہے ہیں اور آپ غلط الفاظ استعمال کرر ہے ہو، اگر آپ نے پاکستان کے لیے کھیلنا ہے تو آپ کو بابر اعظم کے ساتھ ہی کھیلنا ہوگا، کیا آپ کل اس کے ساتھ آنکھیں ملا پاؤ گے، کیا اس کی کپتانی میں کھیل پاؤ گے“۔

شاہد آفریدی نے بتایا کہ” عامر نے اپنی غلطی مانی اور معذرت کی اور میرا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے یہ بات نوٹس کی“۔شاہد آفریدی نے کہا کہ”امید کرتا ہوں عامر اگلے میچوں میں آپ لوگوں کو بہتر سے بہتر نظر آئے گا“۔شاہد آفریدی نے محمد عامر کو خود پر کنٹرول رکھنے اور اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کا مشورہ بھی دیا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 8 سے قبل محمدعامر نے کہا تھا کہ میرے لیے بابر اعظم اور ٹیل اینڈر کو بولنگ کروانا یکساں ہے۔محمد عامر نے کہا تھا کہ میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، میرے لیے بابر بھی ویسا ہی ہے جیسے ٹیل اینڈر کھیل رہا ہو، میرا کام ہے ٹیم کو وکٹیں لے کر دینا۔

متعلقہ تحاریر