ملالہ یوسفزئی پاکستان ویمن کرکٹ لیگ میں ایک ٹیم خریدنے کی خواہش مند
نوبل انعام یافتہ ملالہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے تمام ضروری معلومات حاصل کرلیں، بولی کے عمل میں حصہ لیں گی

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے پاکستان ویمن کرکٹ لیگ میں ایک ٹیم خریدنے کی خوا ہش ظاہر کردی ۔
ملالہ یوسفزئی نے پاکستان ویمن کرکٹ لیگ میں دلچپسی ظاہر کی ہے اور اس کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین رمیز راجہ کے بعد موجودہ بورڈ مینجمنٹ سے بھی کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
انڈیا ایشیاکپ میں نہ آیا تو پاکستان بھی ورلڈکپ میں انڈٰیا نہیں جائیگا، پی سی بی کا فیصلہ
انگلش کاؤنٹی کلب ناٹنگھم شائر نے شاہین شاہ آفریدی سے معاہدہ کرلیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسفزئی ویمن لیگ کی ایک ٹیم لینا چاہتی ہیں اور اس حوالے سے ملالہ یوسفزئی نے بورڈ سے ویمن لیگ کے تمام عمل کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملالہ یوسفزئی ویمن لیگ کی ٹیموں کی بولی کے عمل میں شریک ہوں گی۔ ملالہ یوسفزئی نے اس سے قبل 2019 کے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کے نمائشی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور سابق ٹیسٹ کپتان اظہر علی کے ساتھ کھیلی تھیں۔
ملالہ کے شوہر عصرملک ماضی میں پی سی بی کے ساتھ کام کر چکے ہیں جبکہ ملالہ نے ماضی میں یہ بھی بتایا تھا کہ انہیں کرکٹ کھیلنا اور دیکھنا پسند ہے۔
ملالہ نے گزشتہ برس لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پربرمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز پاکستان کی نمائندگی کرنے والی خواتین کرکٹرز سے ملاقات بھی کی تھی۔
دوسری جانب پی سی بی کا رواں سال ویمنز پی ایس ایل کے پہلے سیزن کے انعقاد کا منصوبہ ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ رواں برس اولین ویمن لیگ کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، رواں برس پی ایس ایل کے موقع پر ویمن لیگ کے سلسلے کے تین نمائشی میچز بھی کرائے گئے تھے جن میں 10 غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔









