بابر اعظم کی کپتان پر شبہات پیدا کرنے پر سوشل میڈیا کا نجم سیٹھی کو کرارا جواب

نجم سیٹھی نے پہلے انٹرویو میں بابر اعظم کی کپتانی کو کارکردگی سے مشروط قرار دیا اور پھر وضاحتی ٹوئٹ کرڈالا، سوشل میڈیا صارفین کپتان کے دفاع میں سامنے آگئے، ’ نجم سیٹھی حد میں رہو، بابر اعظم ہماری ریڈ لائن ‘ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے

پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے کپتان بابر اعظم کی کپتانی پر شکوک و شبہات پیدا کرنے پر سوشل میڈیا آگ بگولا ہوگیا۔ صارفین نے بابر اعظم کو اپنی ریڈ لائن قرار دے کر نجم سیٹھی کو خبردار کردیا۔

آئی سی سی ورلڈکپ سے قبل کپتانی کا تنازع پیدا کرکے نجم سیٹھی نے خود میگا ایونٹ سے قبل قومی ٹیم کیلیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

خدشات پھیلانے والے غلط ثابت ہوگئے، نجم سیٹھی کا بابراعظم سے ملاقات پر تبصرہ

شعیب اختر بزرگ فاسٹ بولر سے ملنے کے خواہشمند

بی بی سی کے مطابق  کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے دنیا بھر کی تمام ہی ٹیموں کے ون ڈے کے کپتانوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ عموماً باقی دنیا میں اس حوالے سے اعلانات طویل عرصے کے لیے کیے جاتے ہیں۔

حال ہی میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو جب انجری کا سامنا کرنا پڑا تو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ابھی سے ورلڈ کپ کے لیے ٹام لیتھم کو کپتانی کی ذمہ داریاں دے دی ہیں۔

ایسے میں سوشل میڈیا پر یہ سوال اٹھایا جا رہا تھا کہ پاکستان میں سیریز کی بنیاد پر کپتانی کیوں دی جاتی ہے اور اس سب کی وجہ سے پاکستانی ٹیم اور خصوصاً بابر اعظم پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کی کیا ضرورت ہے؟

 نجم سیٹھی نے گزشتہ روز صحافی وحید خان بابر اعظم کی کپتانی پر بھی تفصیل سے بات کرکے جلتی پر تیل ڈالنے والا کام کیا ہے۔

نجم سیٹھی نے اس انٹرویو میں بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’میں نے مکی آرتھر سے پوچھا کہ انھیں ایک کپتان چاہیے یا دو تو مکی نے کہا کہ انھیں ایک چاہیے اس لیے بابر ہی وائٹ بال کے دونوں فارمیٹ کے کپتان ہیں‘۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ’ان کے لیے اعداد و شمار بہت اہمیت رکھتے ہیں اور اگر بابر اعظم اچھا پرفارم کریں گے تو انھیں کپتان برقرار رکھا جائے گا۔ ورنہ آپ سمیت دیگر صحافی ان کی کپتانی پر سوال کریں گے‘۔

تاہم اس انٹرویو میں انہوں نے ایک اہم انکشاف یہ بھی کیا کہ نیوزی لینڈ سیریز سے قبل جب انہوں نے ذمہ داری سنبھالی تھی تو شاہد آفریدی کی سربراہی میں قائم عبوری سلیکشن کمیٹی قومی ٹیم میں تبدیلیوں کے علاوہ کپتان کو بھی تبدیل کرنا چاہتی تھی‘۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی سیریز کے بعد جب بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کے بارے میں چہ مگوئیاں ہوئیں تو اکثر کھلاڑیوں کی جانب سے ٹوئٹر پر ان کی سپورٹ میں متعدد ٹویٹس سامنے آئے۔ اس دوران سوچنا بھی منع ہے کہ ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا گیا۔

نجم سیٹھی نے آج اپنے اس بیان کی وضاحت سلسلہ وار ٹویٹس میں کیے ہیں ۔ انہوں نے ٹویٹس میں لکھا کہ ’کئی مہینوں سے میڈیا اور کرکٹ کے حلقے بابر اعظم کو کھیل کے تمام فارمیٹس میں کپتان برقرار رکھنے کے فائدے اور نقصانات پر بحث کر رہے ہیں۔ چونکہ یہ فیصلہ بالآخر چیئرمین کا ہے، اس لیے میں نے شاہد آفریدی اور اب ہارون رشید کی سربراہی میں بننے والی سلیکشن کمیٹیوں کی آرا مانگیں‘۔

انہوں نے کہاکہ ’دونوں کمیٹیوں نے اس پر غوروخوض کیا اور پھر دونوں بعد میں اس نتیجے پر پہنچے کہ جو جاری ہے اسے برقرار رکھا جانا چاہیے۔ میں نے بعد میں اس موقف کو عوامی طور پر بیان کیا ہے۔ میرا فیصلہ فیصلہ اس برقرار رکھنے کی کامیابی یا ناکامی سے مشروط ہوگا‘۔

نجم سیٹھی نے مزیدلکھاکہ’مجھے اس سے بھی رہنمائی ملے گی کہ سلیکٹرز اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز اور ہیڈ کوچ مستقبل کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ مجھے مشورہ دینے کی بہترین پوزیشن میں ہوں گے۔ اس لیے ہمیں بابر کا ساتھ دینا چاہیے اور قومی ٹیم کے مفاد میں معاملے کو متنازع نہیں بنانا چاہیے‘۔

 نجم سیٹھی کے بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق ٹویٹ کے بعد بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنے کی بحث شروع ہوگئی اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے طوفان کھڑا ہوگیا۔

پہلے تو سابق چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے سربراہ پی سی بی کو کرارا جواب دے ڈالا اوراس کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی بابر اعظم کے دفاع میں اٹھ کھڑے ہوئے جس کے بعد ٹوئٹر پر ’’بابر اعظم ہماری ریڈ لائن اور نجم سیٹھی حد میں رہو‘‘ کے ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگے۔

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے نجم سیٹھی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حد میں رہیں بابر اعظم ہماری ریڈ لائن ہیں۔صارفین نے کہا کہ سیٹھی اپنے ایجنڈے سے بابر اعظم کو دور رکھیں ورنہ آپ کی سوچ سے بھی زیادہ ردعمل آئے گا۔

ایک صارف نے سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی بابر اعظم کو گلے لگانے کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ہم عمران خان اور رمیز راجا کی واپسی چاہتے ہیں۔

کئی صارفین نے بابر اعظم کے بیٹنگ ریکارڈ کے اعداد وشمار شیئر کیے تو کسی نے آئی سی سی اعزازات کے ساتھ تصویر شیئر کی اور کہا کہ دنیا کا بہترین بلے باز اور کپتان بابر اعظم ہے۔ایک صارف نے کہا کہ بابر ہمارا کپتان ہے اور رہے گا، یہی ہمیں ورلڈ کپ جتوائے گا۔

متعلقہ تحاریر