سعودی کلب الہلال کی میسی کو سالانہ 40کروڑ ڈالر کے معاہدے کی پیشکش

میسی کے والد سعودی فٹبال کلب سے بات چیت میں مصروف، پیشکش قبول کرنے کی صورت میں میسی دنیا کے مہنگے ترین فٹبالر بن جائیں گے

 سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال نے ورلڈکپ کی فاتح ارجنٹائن کی ٹیم کے کپتان لیونل میسی کو سالانہ 40کروڑ ڈالر معاوضے کی پیشکش کردی۔

میسی کے قریبی ذرائع  نے خبررساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ سعودی کلب  نے آئندہ سیزن کیلیے میسی کو معاہدے کی پیشکش کی ہے۔ معاہدے کی صورت میں میسی دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالر بن جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

لیونل میسی چھٹیاں گزارنے سعودی عرب چلے آئے، فرانسیسی کلب نے معطل کردیا

رونالڈو کو پچھاڑ کر میسی یورپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے

ذرائع کے مطابق میسی کو کسی بھی سعودی کلب سے تاحال ایک یہی پیشکش کی گئی ہے۔الہلال نے معمول کے دفتری اوقات کے بعد اس پیشکش کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

میڈیا میں 35سالہ میسی کی اپنے آبائی کلب بارسلونا میں واپسی کی قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں جبکہ امریکی کلب انٹرمیامی  کو بھی میسی کی اگلی منز ل قرار دیا جارہا ہے۔

رواں ہفتے ہی فرانسیسی فٹبال کلب پی ایس جی نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اہلخانہ کے ساتھ سعودی عرب کا ایک ہفتے طویل دورہ کرنے پر میسی کو ایک ہفتے کیلیے معطل کردیا تھا۔

  میسی کو سیاحت کے لیے سعودی سفیر مقرر کیا گیا ہے جبکہ  ان کے دیرینہ حریف کرسٹیانو رونالڈو نے دسمبر میں سعودی کلب النصر سے سالانہ تقریباً 22کروڑ ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔

میسی کے قریبی دوسرے ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ معطلی اس وقت لگائی گئی ورلڈکپ کے فاتح کپتان نے پی ایس جی کو بتایا کہ وہ اس سیزن کے بعد پیرس میں نہیں رہیں گے اور محسوس کیا کہ کلب کے پاس کسی پروجیکٹ کی کمی ہے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ پی ایس جی کی پیر کو کوئی ٹریننگ شیڈول نہیں تھی۔سیشن منعقد کرنے کا فیصلہ میسی کےسعودی عرب پہنچنے کے بعد کیا گیا ۔پی ایس جی کے قریبی ذرائع نے اس کی تردید کرتے ہوئے رائٹرز کو بتایا کہ میسی نے فرانسیسی کلب کی اجازت کے بغیر اور پیر کو تربیتی سیشن ہونے کے باوجودسعودی عرب کا سفر کیا۔ذریعے  نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا میسی نے  پی ایس جی کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ وہ سیزن کے اختتام پراسے  چھوڑنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

برطانوی  اخبار ٹیلیگراف کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ  میسی کے والد  سعودی کلب سے  مذاکرات کر رہے ہیں۔اگر اس معاہدے پر اتفاق ہو جاتا ہے تو لیونل میسی کا معاوضہ اس وقت سعودی عرب میں کھیلنے والے کرسٹیانو رونالڈو سے زیادہ ہوگا۔درحقیقت یہ دنیا کے کسی فٹبالر کو دیے جانے والا سب سے زیادہ سالانہ معاوضہ ہوگا۔

متعلقہ تحاریر