ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرا احمد آباد کے مودی اسٹیڈیم میں ہوگا
ایک لاکھ افراد کی گنجائش کا حامل نریندر مودی اسٹیڈیم ملک کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے، پاکستان کے دیگر میچز چنئی، بنگلور اور کولکتہ میں کھیلے جانے کا امکان

احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم اکتوبر-نومبر میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین ہائی وولٹیج میچ کی میزبانی کرے گا۔
دونوں ٹیمیں 2016 کے بعد ہندوستانی سرزمین پر پہلی بار آمنے سامنے آئیں گی ۔
یہ بھی پڑھیے
بی سی سی آئی نے احمد آباد اسٹیڈیم میں ہائی وولٹیج میچ کی میزبانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں بیرون ملک سے بھی شائقین کی بڑی تعدادکی آمد متوقع ہے۔ ایک لاکھ افراد کی گنجائش کا حامل نریندر مودی اسٹیڈیم ملک کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق بی سی سی آئی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان انڈین پریمیئر لیگ کے اختتام کے بعد ایک شاندار تقریب میں کرے گا۔اگر سب کچھ شیڈول کے مطابق رہا تو 50 اوور کا ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
جس میں ناگپور، بنگلورو، ترویندرم، ممبئی، دہلی، لکھنو، گوہاٹی، حیدرآباد، کولکتہ، راجکوٹ، اندور، بنگلورو، موہالی اور دھرم شالہ اسٹیڈیم عالمی کپ کی میزبانی کیلیے منتخب ہوں گے ۔
تاہم ان میں سے صرف 7 ہی بھارت کے لیگ میچوں کی میزبانی کریں گے۔ احمد آباد واحد مقام ہو سکتا ہے جہاں ہندوستان دو میچ کھیلے بشرطیکہ ٹیم فائنل میں پہنچ جائے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان اپنے زیادہ تر میچ چنئی اور بنگلورو میں کھیل سکتا ہے۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کو پاکستان کےمقابلوں کی میزبانی کیلیے بہتر تصور کیا جارہا ہے ۔ اسی طرح بنگلہ دیش بھی اپنے زیادہ تر میچ کولکتہ اور گوہاٹی میں کھیل سکتا ہے کیونکہ اس سے پڑوسی ملک سے شائقین کا سفری فاصلہ کم ہو جائے گا۔
اکتوبر،نومبر میں مون سون کا موسم ہونے کے سبب بی سی سی آئی نومبر کے پہلے ہفتے سے پہلے ملک کے جنوبی حصوں میں میچز کے انعقاد کی منصوبہ بندی کررہاہے۔انڈین ایکسپریس کو معلوم ہوا ہے کہ بی سی سی آئی نے ہندوستانی ٹیم انتظامیہ سے بھی مشاورت کی اور پاکستان کے ساتھ ہونے والے میچوں کے علاوہ اپنی ترجیحات بھی مانگیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی ٹیم نے بی سی سی آئی سے درخواست کی ہے کہ وہ آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف میچز کیلیے اسپنرز کے سازگاراسٹیڈیم کا انتخاب کرے۔ بھارتی ٹیم نے بورڈ کو بتایا کہ وہ سست پچوں کو ترجیح دیتی ہے کیونکہ وہ ہوم گراؤنڈ کے فائدے کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ریاستی اکائیوں نے پہلے ہی اپنی خواہش کی فہرست بی سی سی آئی کو دے دی ہے، لیکن میچز کے مقامات الاٹ کرنے کا فیصلہ صرف بی سی سی آئی ہی کرے گا۔ ذرائع کے مطابق چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں آسٹریلیا اور بھارت کے میچ کی میزبانی کا قوی امکان ہے جبکہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقا کے خلاف میچز سست پچز کے حامل دیگر اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے ۔









