اگر بھارت پاکستان نہیں آرہا تو ہم بھی بھارت نہیں جائیں گے،نجم سیٹھی

ہائبرڈ ماڈل ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ایک بہترین حل ہے، اگر ہندوستان اب ایک غیر جانبدار مقام چاہتا ہے اور ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرتا ہے، تو ہم ورلڈ کپ میں وہی ہائبرڈ ماڈل استعمال کریں گے، چیئرمین پی سی بی کا بھارتی میڈٰیا کو انٹرویو

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ کیلیے نیوٹرل وینیو چاہتا ہے تو ہمیں بھی ورلڈکپ کیلیے نیوٹرل وینیو دیا جائے، اگر بھارت پاکستان نہیں آرہا تو ہم بھی بھارت نہیں جائیں گے،ا ب ایسا ہی ہے۔

نجم سیٹھی نے پاکستان اور بھارت میں جاری سیاسی کشیدگی کے تناظر میں ہائبرڈ ماڈل کو دنوں ملکوں کے درمیان کھیل کو جاری رکھنے کیلیے ہائبرڈ ماڈل کو کارگر قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کا ایشیا کپ کا انعقاد یقینی بنانے کیلیے مزید لچک کا مظاہرہ

ایشیا کپ کی پاکستان سے منتقلی کسی صورت قبول نہیں ہوگی ، پی سی بی ڈٹ گیا

 

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہاکہ”اگر سیاسی یا کسی اور وجہ سے بی سی سی آئی پاکستان آنے سے قاصر ہے، خاص طور پر جب ہم میزبان ہیں اور دیگر تمام ممالک پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں، میرے خیال میں باہمی تعاون کا تقاضا ہے کہ ہم بھی  ہندوستان سے یہی بات کہیں ،اگرآپ پاکستان نہیں آرہے ہیں تو ہم بھی  انڈیا نہیں جائیں گے ، اب ایسا ہی ہے“۔

نجم سیٹھی نے کہاکہ”ہائبرڈ ماڈل ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ایک بہترین حل ہے، اگر ہندوستان اب ایک غیر جانبدار مقام چاہتا ہے اور ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرتا ہے، تو ہم ورلڈ کپ میں وہی ہائبرڈ ماڈل استعمال کریں گے“۔

انہوں نے مزید کہا کہ” پاکستان اپنے ورلڈ کپ   میچز  ڈھاکہ یا کسی اور مقام پر کھیل سکتا ہے جہاں بھارت راضی ہو،اسی طرح چیمپیئنز ٹرافی میں باقی تمام ممالک پاکستان میں آ کر کھیل سکتے ہیں لیکن بھارت نیوٹرل مقام پر کھیل سکتا ہےلہٰذا یہ ایک ایسا ماڈل ہے جو آگے بڑھ کر اس سیاسی مسئلے کو حل کرسکتا ہے“ ۔

متعلقہ تحاریر