کھیل ہار جیت کے ساتھ جہدِ مسلسل سکھاتا ہے، محنت جاری رکھیں، ڈاکٹر سروش لودھی
ایچ ای سی ملک بھر میں منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں کی نگرانی کررہی ہے،جاوید میمن
کراچی: پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت والی بال پرونشل لیگ سندھ کی اختتامی تقریب جامعہ این ای ڈی میں منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی تھے جب کہ سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوہد علی میمن اعزازی مہمان تھے۔
مذکورہ پرونشل لیگ سندھ میں لڑکوں کی کیٹیگری میں کراچی نے پہلی پوزیشن لی جبکہ سکھر اور لاڑکانہ کی ٹیمیں بتدریج دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ اسی طرح کراچی کی لڑکیوں کی ٹیم نے پہلی پوزیشن جبکہ حیدرآباد اور لاڑکانہ کی ٹیموں نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس موقعے پر کھلاڑیوں سے خطاب ہوتے ہوئے جاوید علی میمن کا کہنا تھا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھرمیں کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور قلندرز کا پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام زمبابوے پہنچ گیا
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی مشیر برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ملک بھر میں منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور وفاقی حکومت کی سرپرستی میں ہم ملک میں کھیلوں میں حصہ لینے کی روایت کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے مزید اس عزم کا ارادہ کیا کہ نوجوانوں کو قابل کوچز تربیت دیں گے۔
اس موقعے پر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ کا کہنا تھا کہ نوجوان! آج اور کل کا پاکستان ہیں، تعلیم کےحصول کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے سہولتیں ملنا بھی ان کا حق ہے۔
مہمان خصوصی وائس چانسلر این ی ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت ہونے والی پرونشل لیگ کی میزبانی جامعہ این ای ڈی کو سونپنے پر ایچ ای سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ والی بال پرونشل لیگ کا انعقاد جامعہ کے لیے باعث افتخار ہے۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ والی بال پرونشل لیگ سے پہلے صوبہ سندھ کے دور درازعلاقوں بشمول حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیر آباد اورلاڑکانہ میں والی بال کے ٹرائلز لیے گئے اور بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل پانچ اضلاع کی ٹیموں کے درمیان والی بال لیگ کروائی گئی۔
پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارک باد دی۔ انہوں نے دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو نصیحت کی کہ کھیل ہارجیت کے ساتھ جہدِ مسلسل سکھاتا ہے، ہمیں محنت جاری رکھنی چاہیے۔