گال ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

میزبان ٹیم کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے نام ایک اور کامیابی ، پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا فاتحہ آغاز کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ میچ کی کامیابی میں امام الحق کے 50 رنز نے اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان: پاکستان بھارت ٹاکرا 2 ستمبر کو ہوگا

بھارت میں کسی بھی جگہ کسی کے ساتھ بھی کھیلنے کو تیار ہیں،  بابر اعظم

کھیل کے چوتھے دن میزبان ٹیم سری لنکا اپنی دوسرے اننگز میں 279 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی ، اس طرح سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دوسری جانب چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 48 رنز پر 3 وکٹیں گنوا دی تھیں۔ کھیل کے اختتام پر کپتان بابر اعظم اور امام الحق کریز پر موجود تھے۔

پانچویں دن پاکستانی بلے بازوں نے پراعتماد کھیل کا آغاز کیا ، اور اسکور کو 79 رنز پر لے گئے اس موقع پر کپتان بابر اعظم برباتھ جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، انہوں نے 24 رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستان کی پانچویں 122 رنز پر گری ، جب سعود شکیل 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، ان کی وکٹ رمیشن مینڈس نے حاصل کی۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 125 رنز پر گری جب وکٹ کیپر بلےباز سرفراز احمد صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں برباتھ جے سوریا نے پویلین کی راہ دکھائی۔

اس طرح پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا آسان ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی دوسری اننگز میں سب سے کامیاب بلے باز امام الحق رہے جنہوں نے 84 گیندوں کا سامنا کیا اور 50 رنز اسکور کیےاور ناٹ آؤٹ رہے۔ سلمان علی آغا نے ایک گیند کا سامنا اور چھکے کے ساتھ اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔

پاکستانی باؤلنگ اٹیک

پاکستان کی جانب سے میچ میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ٹوٹل 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ نسیم شاہ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ابرار احمد نے 6 کھلاڑیوں کو گھر کی راہ دکھائی۔

سلمان آغا کے حصے میں دونوں اننگز میں تین وکٹیں آئیں، جبکہ نعمان علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ تحاریر