اذلان شاہ ہاکی: جاپان کیخلاف میچ برابر، پاکستان بدستور ناقابلِ شکست
ملائشیا میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا۔ پاکستان نے چوتھے کوارٹر کے آخری لمحات میں پینالٹی کارنر کے ذریعہ گول کرکے میچ کو ڈرا کیا۔
ملائشیا کے شہر ایپوہ میں جاری اذلان شاہ ہاکی کپ کے اپنے تیسرے میچ میں پاکستان کو میچ کے 59ویں منٹ تک ایک گول کے خسارے کا سامنا تھا جو جاپان کی جانب سے کھیل کے 33ویں منٹ میں کین ناگا یوشی نے اسکور کیا۔
یہ بھی پڑھیے
اذلان شاہ کپ: پاکستان کی مسلسل دوسری فتح، کوریا کو 0-4 سے زیر کردیا
اذلان شاہ ہاکی: پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کو 4-5 سے ہرادیا
پاکستان کی جانب سے کھیل کے آخری منٹ میں پینالٹی کارنر کے ذریعے رانا وحید اشرف نے گول کرکے جاپان کی برتری کا خاتمہ کیا اور میچ 1-1 گول سے برابر کردیا۔
پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں کے 7، 7 پوائنٹس ہیں، تاہم بہتر گول اوسط کی وجہ سے پاکستان پہلے جبکہ جاپان دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان اپنے پول کا چوتھا میچ کینیڈا کے خلاف پاکستانی وقت کے مطابق کل دوپہر 1:00 بجے کھیلے گا۔