25 ڈالر دیں، پاکستانی کھلاڑیوں سے ملیں، آٹو گراف لیں اور تصاویر بنوائیں
ورلڈ کپ میں شریک پاکستانی کرکٹرز سے ملیں، آٹو گراف لیں اور تصاویر بنوائیں ، اس کے عوض فی کس 25ڈالرز ادا کریں۔
دعوت نامہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس کے بعد پی سی بی اور کرکٹ ٹیم پر تنقید کی جارہی ہے.
سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ ڈنر میں شرکت کرنا تباہ کن ہے تاہم پی سی بی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے چیریٹی پروگرام میں شرکت کی، کوئی معاوضہ نہیں لیا، رقم کسی کاز کیلئے ہوگی ۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے شہر ڈیلس میں ہونے والی ایک تقریب کا دعوت نامہ سوشل میڈیا پر گردش میں ہے اور موضوع بحث بنا ہوا ہے۔امریکا کے خلاف پہلے میچ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ٹیم کو تنقید کا سامنا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میٹ اینڈ گریٹ کے نام سے دعوت نامے پر لکھا ہے کہ اگر آپ اس تقریب میں شرکت کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو فی کس 25ڈالرز ادا کرنا ہوں گے۔پی سی بی نے اس تقریب کی تصدیق کرتے ہوئے اسے چیئرٹی فنکشن قرار دیا لیکن دعوت نامے میں کسی بھی جگہ چیئرٹی کا تذکرہ نہیں ہے۔
سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ کھلاڑی آٹو گراف لینےاور تصاویر بنوانے کے لئے پیسے لے رہے ہیں ورلڈ کپ سے عین پہلے پرائیویٹ ڈنر میں شرکت کرنا تباہ کن ہے۔اگر آئی سی سی یا پی سی بی اس کا اہتمام کرتا تو الگ بات تھی۔ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ25ڈالرز ڈیں اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ملیں۔
راشد لطیف نے دعوی کیا کہ اگر امریکا میں کوئی شخص پاکستانی کھلاڑیوں کو بلاتا ہے تو اس سے پوچھا جاتا ہے کہ پیسے کتنے دیں گے۔ہمارے دور میں بھی خیال کیا جاتا تھا اس وقت ورلڈ کپ ہورہا ہے اس لئے کمرشل معاملات کو شہ سرخیاں ملتی ہیں۔یہ فنڈ ریزنگ اور پرائیویٹ ڈنر نہیں ہیں۔
براہ کرم ایسا نہ کریں اور کرکٹ پر فوکس کریں۔اس بارے میں نمائندہ جنگ کے رابطے پرپاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کا دعوی ہے کہ ڈیلس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک چیئرٹی ایونٹ میں شرکت کی۔