ٹی 20 ورلڈ کپ، کرکٹرز کی فیملیاں امریکا میں تھیں، محمد عامر ذاتی خرچے پر ٹرینر کے ساتھ تھے
ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم شائد ایک ٹیم کی طرح دکھائی نہیں دے رہی تھی اس کی بہت ساری وجوہات میں سے ایک وجہ یہ تھی کہ میگا ایونٹ میں کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ 26سے28 افراد پر مشتمل گروپ کرکٹرز کی بیگمات بچوں اور اہل خانہ کا تھا۔ حیران کن طور پر فاسٹ بولر محمد عامر ذاتی ٹرینر کے ساتھ امریکا میں تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کے غیر ملکی ٹرینر کی موجودگی میں محمد عامر ذاتی ٹرینر کے ساتھ ٹریننگ کرتے تھے یہ ٹرینر آئر لینڈ اور انگلینڈ میں تھا۔
محمد عامر نے اس کے لئے پی سی بی سے خصوصی اجازت لی تھی اور ٹرینر کے اخراجات وہ خود ادا کرتے تھے لیکن اس کے انتظامات پی سی بی نے کئے تھے۔
امریکا کے میچ میں 18رنز کا سپر اوور کرانے والے محمد عامر ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم میں آئے تھے لیکن وہ ٹیم کے ساتھ ٹریننگ نہیں کرتے تھے یہ بھی انوکھی مثال تھی کہ ایک کھلاڑی ذاتی ٹرینر کے ساتھ الگ ٹریننگ کرتا تھا۔
محمد عامر کے علاوہ محمد رضوان ، فخر زمان، وہاب ریاض کے بیگم بچے ٹیم کے ساتھ سفر کرتے رہے۔
کپتان بابر اعظم کے والد والدہ، بھائی، عماد وسیم اور حارث رؤف کی بیگمات بھی ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کے ساتھ رہیں اور میچوں کے بعد پارٹیاں اور کھانے بھی چلتے رہے۔ اسی موج مستی میں پاکستان کا سفر پہلے راؤنڈ میں ختم ہوگیا۔