پاکستان میچ ہارا لیکن محمد حفیظ نے دل جیت لیے

پاکستان نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز تو نہ جیت سکا لیکن محمد حفیظ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس پر اُن کو مبارکباد دی جا رہی ہے

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دے دی ہے۔ پاکستان سیریز میں فاتح تو نہ بن سکا لیکن محمد حفیظ  نے اپنی پرفارمنس سے دل جیت لیے ہیں۔ پاکستان بھی کلین سوئپ سے بچنے کے لیے منگل کے روز تیسرا اور آخری میچ کھیلے گا۔

اتوار کو نیوزی لینڈ کے شہر ہملٹن میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کے محمد حفیظ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 57 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 99 رنز بنائےتھے۔ آخری اوور کی آخری گیند پر محمد حفیظ نے چھکا لگا کر ٹیم کا اسکور 163 تک پہنچایا۔

پاکستان کے اوپنر محمد رضوان 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شاداب خان نے 4، حیدر علی نے 8 اور خوشدل شاہ نے 14رنز بنائے۔ جبکہ عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے جواب میں حریف ٹیم نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر ہی پورا کرلیا۔

کیویز کے مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا۔ گپٹل 11 گیندوں پر 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد کپتان کین ولیمسن نے ٹیم سیفرٹ کا ساتھ دیا اور مزید کسی نقصان کے بغیر پاکستان کو شکست سے دوچار کردیا۔

نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹم سیفرٹ 63 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 84 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔ جبکہ کپتان ولیمسن بھی 57 رنز اسکور کر کے ناقابل شکست رہے۔

یہ بھی پڑھیے

چھ کھلاڑیوں کا پی سی بی کانٹریکٹ تسلیم کرنے سے انکار

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس میچ کے بعد محمد حفیظ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 99 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد حفیظ کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کی وہ سنچری کے مستحق ہیں۔ گرین شرٹس نے اچھا کھیلا۔

اسد عمر نے بھی محمد حفیظ کی کارکردگی کو سراہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ٹوئٹر پر محمد حفیظ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ’ حفیظ نے اچھا کھیلا’۔

قومی کرکٹ ٹیم سابق بلے باز عمر اکمل نے بھی ٹوئٹر پر لکھا کہ ‘محمد حفیظ نے اچھا کھیلا’۔

معروف اداکار اور میزبان فہد مصفطیٰ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ۔جب آپ کے پاس حفیظ جیسے کھلاڑی موجود ہیں تو نئے کھلاڑیوں کی تلاش کیوں کریں’۔

صرف حکومتی جماعت ہی نہیں بلکہ حزب اختلاف کی جماعت کے مرکزی رہنما مرتضی وہاب نے بھی محمد حفیظ کو سراہا ہے۔

معروف صحافی طلعت حسین اسلام آباد میں بچوں کو کرٹ سکھاتے بھی ہیں اور خود بھی کرکٹ کھیلتے ہیں۔ اُنہوں نے بھی حفیظ کی بیٹنگ کی تعریف کی ہے۔

ایک جانب تو ملک کے اندر سب محمد حفیظ کے گن گا رہے تھے تو محمد حفیظ نے کچھ عرصہ قبل پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر کے بیان کا جواب دیا جو فی الحال کمنٹری کر رہے ہیں۔ محمد حفیظ سے ایک انٹرویو میں پوچھا گیا کہ اُن کا رمیز راجہ کے اُس بیان پر کیا کہنا ہے جس میں اُنھوں نے حفیظ کو ریٹائر ہوجانے کا مشورہ دیا ہے۔

اِس کے جواب میں محمد حفیظ نے کہا کہ اُن کے 12 سالہ بیٹے کو رمیز راجہ کے مقابلے میں کرکٹ کا زیادہ سینس ہے۔ یہ معاملہ رواں برس اپریل کے مہینے میں اُس وقت شروع ہوا جب رمیز راجہ نے بیان دیا کہ اب محمد حفیظ کو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے اب اُن کی عمر ہو چکی ہے۔ رمیز راجہ نے کہا یہ کام  محمد حفیظ کو پر وقار طریقے سے کر لینا چاہیے۔

تاہم اب محمد حفیظ نے اپنی پرفارمنس سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اب بھی تنہا پوری ٹیم سے زیادہ اسکور کر سکتے ہیں۔ جبکہ کمنٹیٹرز کو بھی کسی کے پیشہ ورانہ معاملات کے بارے میں رائے دینے سے پرہیز کرنا چاہیے اور صرف کمنٹری کو تجزیے تک ہی محدود رکھنا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر