مشتاق احمد کی لوگوں سے والدین کی عزت اور احترام کی گزارش
انہوں نے کہا کہ میرے پاس تو میرے ماں باپ نہیں ہیں، لیکن اگر آپ کے پاس ہیں تو مہربانی کریں ان کا احترام کریں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی مشتاق احمد نے لوگوں سے گزارش کی ہے کہ اپنے والدین کی عزت اور احترام کریں۔
سینئرصحافی رؤف کلاسرا نے ٹوئٹر پر مشتاق احمد کا ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔ مشتاق احمد نے بتایا کہ ان کے والدین اب اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن انہیں روز یاد آتے ہیں۔
سابق کھلاڑی نے کہا کہ ان کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا۔ گھر میں ایک کمرہ تھا اوران کے والد مزدورتھے۔ والد روزانہ 100 روپے کماتے تھے اور گھر میں 8 لوگ کھاتے تھے۔
This video clip may melt your heart. It may touch your soul.
Well try to watch it @Mushy_online
👇 pic.twitter.com/Tb5cA2tLq7— Rauf Klasra (@KlasraRauf) January 18, 2021
مشاق احمد نے بتایا کہ ’مجھے کرکٹ کا جنون تھا لیکن میرے پاس بلا نہیں تھا۔ میں بغیر جوتوں کے میچ کھیلتا تھا جس کی وجہ سے اکثرمیرے پاؤں پھٹ جاتے تھے۔ میرے والد سے یہ دیکھا نہیں جارہا تھا تو انہوں نے مجھے 350 روپے کا بلا خرید کر دیا۔ والد نے مجھے کپڑے اور ٹراؤزر لے کر دیا تاکہ ان کا بیٹا کرکٹ کھیل سکے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میرے والد غلہ منڈی ساہیوال میں مزدوری کیا کرتے تھے اورمیں اکثرانہیں چھپ چھپ کر دیکھا کرتا تھا۔ جب میرے والد مزدوری کر کے گھر آیا کرتے تھے تو میری والدہ ہمیں سمجھاتی تھیں کہ بچوں آج تھوڑی روٹی کم کھانا کیونکہ تمہارے والد نے بھی کھانا ہے اور والد صاحب ‘کہتے تھے کہ آج میں باہر سے کھا کر آیا ہوں۔
مشتاق احمد نے کہا کہ اُن کے والد نے کئی راتوں کو کھانا نہیں کھایا تاکہ ان کا بیٹا بلا لے سکے اور اُنھیں اُن کے کپڑوں اور کتابوں کے پیسے مل سکیں۔
سابق کرکٹر نے لوگوں کو پیغام دیا کہ اُن کے پاس تو اُن کے ماں باپ نہیں ہیں، لیکن اگرآپ کے پاس ہیں توان کا احترام کریں۔ وہ دنیا کے خوبصورت ترین لوگ ہیں۔ انہیں یہ کبھی نہیں کہیں کہ آپ کا زمانہ الگ تھا اور ہمارا الگ ہے۔ ہمارے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں۔ کبھی ان کی بات ناگوار گزرے تو خاموشی سے برداشت کرلیا کریں۔ یہ دنیا میں کامیاب ہونے کا تیز ترین طریقہ ہے۔