پی ایس ایل ترانے پر علی ظفر اور میشا شفیع پھر آمنے سامنے

علی ظفر سے متعلق سوشل میڈیا ٹرینڈ کو دیکھتے ہوئے میشا شفیع میدان میں آگئیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کا ترانہ ‘گروو میرا’ کیا ریلیز ہوا مداحوں نے علی ظفر سے نیا گانا بنانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ علی ظفر سے گانے کا مطالبہ کیا جانے لگا تو میشا شفیع بھی میدان میں آگئیں۔

پاکستان میں 20 فروری سے پی ایس ایل میچز کا آغاز ہونے والا ہے جس کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ سنیچر کو چھٹے سیزن کا گانا ‘گروو میرا’ ریلیز ہوا۔ آفیشل ترانے میں گلوکارہ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز کے معروف ریپرز طلحہ انجم اور طلحہ یونس نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

سوشل میڈیا پر چند صارفین نے گانے کو پسند کیا تو کچھ نے شدید ناپسند کرتے ہوئے ایک بار پھر گلوکار علی ظفر سے پی ایس ایل ترانہ گانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دو روز سے ہیش ٹیگ علی ظفر ٹرینڈ کررہا تھا۔

اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے علی ظفر نے ٹوئٹ کیا کہ ‘اب میں نے کیا کردیا؟’ جس پر مداحوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔

علی ظفر سے متعلق سوشل میڈیا ٹرینڈ کو دیکھتے ہوئے گلوکارہ میشا شفیع میدان میں آگئیں اور نصیبو لال کی گلوکاری کی تعریف کردی۔

یہ بھی پڑھیے

علی ظفر کے ریپ مقابلے کے پہلے 10 فائنلسٹس کی ویڈیو جاری

ادھر اداکار گوہر رشید اور مہوش حیات بھی پی ایس ایل ترانے کی حمایت میں سامنے آئے۔ مہوش حیات نے ٹوئٹ کیا کہ ‘لوگ ایک ہی طرز کا میوزک چاہتے ہیں جبکہ ہمیں منفرد آئیڈیاز اور آوازوں کی ضرورت ہے۔’

گوہر رشید نے ٹوئٹ میں سوال کیا کہ ‘ہم ہمیشہ پی ایس ایل کے ترانے پر تنقید کیوں کرتے ہیں؟’

واضح رہے کہ پچھلے سال بھی شائقین کی جانب سے پی ایس ایل ترانے کو ناپسند کیا گیا تھا اور علی ظفر نے مداحوں کی خواہش پر گانا ‘میلہ لوٹ لیا’ تیار کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر