چولستان جیپ ریلی جنوبی پنجاب کے سر کا تاج

صحرائے چولستان میں تاریخی قلعہ دراوڑ کے قریب اس بار سال 2021 میں 16 ویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کا انعقاد 11فروری سے ہورہا ہے

پاکستان میں کھیل، سیاحت اور تفریح ایک ساتھ ملنا اکثر مشکل ہوتا ہے لیکن چولستان جیپ ریلی وہ واحد مقابلہ ہے جہاں یہ تینوں چیزیں ایک ساتھ مل جاتی ہیں۔ صوبہ پنجاب کے 3 اضلاع بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں جیپ ریلی کا انعقاد چولستان جیب ریلی کے نام کیا جاتا ہے جو کہ دلواش اسٹیڈیم چولستان سے شروع ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتی ہے۔

ہر سال محکمہ سیاحت کی جانب سے انعقاد کی جانے والی پاکستان کی سب سے بڑی جیپ ریلی میں ملک بھر سے گاڑیوں اور ریسنگ کے شوقین افراد کی ایک بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔ جس کے لیے وہ کئی ماہ پہلے ہی تیاریاں شروع کر دیتے ہیں۔ رواں برس اس جیپ ریلی میں 100 سے زیادہ ریسرز  نے حصہ لیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے صحرائے چولستان میں تاریخی قلعے دراوڑ کے قریب اس بار سال 2021 میں 16 ویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کا انعقاد 11 فروری سے ہورہا ہے جوکہ 14 تک جاری رہے گا 11 فروری کو چولستان جیپ ریلی کا مختلف درجہ بندی میں کوالیفائنگ راؤنڈ ہوگا جبکہ 12 فروری، 13 اور 14 فروری تک جیب ریسز کے فائنل راؤنڈز چلیں گے۔

ٹریک کی لمبائی کرونا کی وبا کے باعث بڑھائی نہیں گئی ہے۔ اس سال 455 کلومیٹر پر محیط ٹریک ہوگا اور اس جیپ ریلی کا ٹریک جنوبی پنجاب کے 3 اضلاع بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان سے گزرے گا۔

چولستان جیپ ریلی کی مقبولیت کی وجہ

چولستان جیپ ریلی کو اس وقت پاکستان کے بڑے اسپورٹس ایونٹ میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ ریلی موٹر سپورٹس کے شائقین و پیشہ ور افراد کے لیے ایک چیلنج کی حیثیت تو رکھتی ہی ہے لیکن اس کے ساتھ یہ مقامی لوگوں میں ایک تہوار کی پہچان بن چکی ہے۔ ریلی کے دوران چولستان کی ثقافت، رہن سہن اور کھانے باہر سے آنے والے سیاحوں کی خصوصی دلچسپی کا باعث بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سڑکوں پر کیٹ آئیز کی تنصیب میں ٹائر ساز ادارے ملوث؟

چولستان جیپ ریلی کب شروع ہوئی

چولستان جیپ ریلی کا آغاز 2005 ء میں ہوا جو کہ اب ایک بین الاقوامی سطح کی سرگرمی بن چکی ہے، جس میں نامور ملکی و غیرملکی مرد ڈرائیورز کے ساتھ ساتھ اب خواتین ڈرائیورز بھی حصہ لیتی ہیں۔

تین سے چار روز پر مشتمل یہ کھیل نہ صرف تفریح مہیا کرتا ہے بلکہ ریاست بہاولپور کی تہذیب و تمدن اور ثقافتی ورثے کوبھی اجاگر کرنے کا باعث ہے اور جنوبی پنجاب میں موسم سرما کی سیاحت کا ذریعہ بھی ہے۔

اس ریلی کی بدولت شائقین سفر کے منفرد تجربے سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ چولستان کے تاریخی مقامات کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔ خاص طور پر مقامی فنکاروں کے پروگرام ،آتش بازی، صحرا میں لگائے گئے محفوظ کیمپوں میں شب بسری، اونٹ اور جیپ پر شکارکرنا تقریب کے لطف کو دوبالا کر دیتا ہے۔

چولستان جیپ ریلی کے حوالے سے شہزادہ محمد عثمان خان عباسی (صاحبزادہ نواب اف بہاولپور پنجم) نے نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہمیں گاڑیاں بھگانے کا ویسے ہی بہت شوق ہے۔‘

ایک روز ان کے چھوٹے بھائی عمر خان عباسی نے بتایا کہ کہ اُنہیں جیپ ریلی کا خیال کیسے آیا۔ ’ایک دن ہمیں خیال آیا کہ کیوں نا ہم یہاں ایک جیب ریلی کریں۔ اس کےلیے ضروری سامان اور انتظامات کی ضرورت تھی جیسے واکی ٹاکی، بروقت گاڑی کو ٹھیک کرنا، فرسٹ ایڈ وغیرہ۔ اُس کےلیے ہم نے اپنے کراچی کے دوست سے تفصیلی بات کی اور جیب ریلی کے لئے ضروری انتظامات کیے۔ ہم نے اس وقت کے جنرل افتخار سے بات کی ان کو جیب ریلی کا ماڈل سمجھایا جو کہ اُن کو 25 منٹ کی گفتگو میں سمجھ آگیا اس طرح ریلی کا آغاز ہوا۔‘

چولستان کی تاریخ

پاکستان کا سب سے بڑا صحرا چولستان تقریباً 25000 مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ چولستان کو مقامی طور پر روہی کے نام سے جانا جاتا ہے اور اس کے رہائشی افراد کو روہیلا کہا جاتا ہے۔ چولستان لفظ چولنے سے نکلا ہے جس کا مطلب ہے جگہ تبدیل کرنا یا حرکت کرنا کیوں کہ چولستان میں ریت کے ٹیلے ہوا کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ اپنا رخ تبدیل کر لیتے ہیں۔

چولستان کو اہم جغرافیائی حیثیت حاصل ہے۔ جو سندھ کے صحرائے تھر تک اور مشرق میں بھارت کے صحرائے راجستھان تک پھیلا ہوا ہے۔ چولستان خالص صحرا تقریباً 483 کلو میٹر لمبا ہے اور64 سے 290 کلو میٹر چوڑا ہے۔

خالص صحرا 16000 مربع کلو میٹر ہے۔ 1000 سال پہلے چولستان دریائے ہاکڑا کے پانی سے بھرا ہوا سرسبز علاقہ تھا اور یہ علاقہ دوسری سے چوتھی صدیوں میں بہت مشہور تھا۔ آثار قدیمہ کے ماہرین نے قدیم دریا کے 500 کلو میٹر کے ساتھ اب تک 400 آبادیوں کودریافت کیا ہے۔ سندھ وادی کی تہذیب میں صحرا کے درمیان میں سب سے بہترین آبادی دراوڑ قلعے کی تھی جو امیر بہاولپور کی آبائی رہائش گاہ تھی۔

قلعہ کی بڑی دیواریں چالیس (ہر ایک سائیڈ پر دس) بڑے پشتوں پر مشتمل ہے، جو طلوع سحرکے وقت ایسے نظر آتی ہیں جیسے ریت سے باہر نکل رہی ہوں۔

اس سال چیمبر اف کامرس بہاولپور نے اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے اشترک سے جیپ ریلی میں ٹریڈ فیئر منعقد کیا ہے جس کے تحت یہ دونوں ادارے مل کر آگاہی پھیلانے کے لیے اسٹالز لگائیں گے اس کے علاؤہ کھانے پینے، ریموٹ واش رومز، فسٹ ایڈ اور میلے بھی لگائے جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر