انڈیا نے میچ فکسنگ کی پیشکش کی تھی، باکسر محمد وسیم

باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ’میرا مکا ان لوگوں کے منہ پر ایک زور دار گھونسا ہے جو مجھے فکسنگ کی پیشکش کرتے ہیں۔‘

2017 میں فلائی ویٹ کیٹگری میں عالمی نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ’2016 میں ورلڈ ٹائٹل کی لڑائی ہارنے کے لیے انڈیا نے میچ فکسنگ کی پیشکش کی گئی تھی۔‘

یوم پاکستان کے موقع پر انٹرویو دیتے ہوئے باکسنگ کے دنیا کے روشن ستارے محمد وسیم نے انکشاف کیا کہ 2016 میں ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) سلور بیلٹ کے مقابلے میں پڑوسی ملک انڈیا کی جانب سے لڑائی ہارنے کے لیے ایک لاکھ پاؤنڈز کی پیشکش کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک محب وطن پاکستانی کھلاڑی ہوں اس لیے انڈیا کی جانب سے کی جانے والی میچ فکسنگ کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا۔ میں ایک سچا پاکستانی ہونے کی حیثیت سے ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ میرا مکا ان لوگوں کے لیے ایک زور دار گھونسا ہے جو مجھے میچ فکسنگ کی پیشکش کرتے ہیں۔

کھیلوں کی خبروں پر نت نئے انداز میں تجزیے دینے والے معروف صحافی عبدالماجد بھٹی نے اس انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات سمجھ میں نہیں آرہی کہ فکسنگ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو ہی کروڑوں کی پیشکش کیوں کی جاتی ہے؟ کیا اس کا مقصد شہ سرخیوں میں رہنا ہے۔

عبدالماجد بھٹی کے ٹوئٹ پر گلیڈی ایٹر نامی صارف نے لکھا ہے کہ میڈیا استعمال نہیں ہوتا، میڈیا کے چند جھوٹے لوگ سنسنی پھیلانے کے لیے کھلاڑی کو استعمال کرتے ہیں۔

شیخ منظر احمد نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ سب گول مول چل رہا ہے آدھی خبر پر سزا ہونی چاہیے۔؟

عبدالماجد بھٹی کے ٹوئٹ پر تنقید کرتے ہوئے شیراز نامی صارف نے لکھا کہ آپ کے اے آر وائی پر ہی تو جٹ صاحب نے بریکنگ دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان اور انڈیا کے درمیان مخاصمت لیکن ٹینس میں ایک ٹیم

تاہم باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ رواں سال کے آخر یا وسط میں ورلڈ ٹائٹل کی لڑائی لڑنا ہے اور اس سلسلے میں ایک مرتبہ پھر سے ان سے رابطے کیے جارہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر