ون ڈے کرکٹ میں سبقت پاکستان یا جنوبی افریقہ کی؟

خبریں ہیں کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں عمدہ کارکردگی کی بنا پر قومی سکواڈ میں شامل دانش عزیز کو ون ڈے کیپ دی جائے گی۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ پر پہنچ چکی ہے اور اس نے میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچوں کی سیریز سے قبل اچھی خاصی پریکٹس بھی کرلی ہے۔ ٹیم کی جنوبی افریقہ روانگی سے قبل کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر محمد وسیم کے درمیان سلیکشن کے معاملات پر اختلافات سامنے آئے تھے۔ تاہم اب یہ سب کچھ پیچھے رہ گیا ہے اور ٹیم کی ساری توجہ ون ڈے سیریز پر مرکوزہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو سنچورین میں کھیلا جائے گا اور اس کے آغاز سے قبل بڑی خبر یہ آئی ہے کہ فاسٹ بالر حسن علی اس پہلے ون ڈے میچ کےلئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ 26 سالہ حسن علی کا کورونا ٹیسٹ 2 مرتبہ مثبت آیا تھا جس کے باعث انہیں قرنطینہ میں رہنا پڑا تھا۔ ٹیم انتظامیہ کا خیال ہے کہ حسن علی فی الحال مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں کھلانا ان کی فٹنس سے کھیلنے کے مترادف ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم ٹیم سلیکشن پر کیوں مطمئن نہیں؟

پاکستانی کرکٹ جنوبی افریقہ
@TheRealPCB

ادھر یہ خبر بھی آئی ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچز میں کھلایا جا سکتا ہے۔ 33 سالہ سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر کھیلیں گے جب کہ محمد رضوان بطور بیٹسمین کھیل سکتے ہیں۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ محمد رضوان کو نمبر 4 اور سرفراز کو نمبر 5 پر کھلانے پر غور کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کے کھیلنے کی صورت میں جارح مزاج بلے باز حیدر علی یا آصف علی میں سے کوئی ایک ڈراپ کرنا ہوگا۔

یہ بھی خبریں ہیں کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں عمدہ کارکردگی کی بنا پر قومی سکواڈ میں شامل دانش عزیز کو ون ڈے کیپ دی جائے گی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف اگر پاکستانی ٹیم کے ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو یہ کوئی حوصلہ افزا نہیں ہے۔

PCB

50 اوورز کی کرکٹ میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری ہے۔ ایک روزہ میچز میں دونوں ٹیمیں 79 مرتبہ آمنے سامنے آئیں، جن میں سے 28 میچز گرین شرٹس کے نام رہے جبکہ 50 میچز میں پروٹیز نے کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ پاکستان کی جنوبی افریقہ کے دیس میں چھٹی ون ڈے سیریز ہے۔

گرین شرٹس اب تک ایک سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی اور 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک سیریز برابر رہی تھی۔ قومی کرکٹ ٹیم نے2013ء میں پہلی بار پروٹیز کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ سیریز اپنے نام کی تھی۔

متعلقہ تحاریر