پاکستان کرکٹ میں جنوبی افریقہ سے ہار گیا انڈیا سے جیت گیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز فخر زمان کے جنوبی افریقہ کے خلاف 193 رنز کی اننگز نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔

ایک جانب جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 17 رنز سے شکست دے دی ہے تو دوسری جانب پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف انڈیا کو سہہ ملکی ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں 62 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستانی اننگز میں سب سے عمدہ  کھیل کا مظاہرہ فخر زمان نے شاندار بلے بازی کر کے پیش کیا۔ فخر زمان نے جنوبی افریقہ کے باؤلرز کا جم کر مقابلہ کیا اور 155 گیندوں پر 193 کی شاندار اننگز کھیلی۔ فخر زمان کی اننگز میں 18 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے آنرِچ نورجے نے 3، پھیلو کوایو نے 2 جبکہ ربادا نگیدی اور تبریز شمسی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 جبکہ شاہین آفریدی، محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ جبکہ شاداب خان کے حصے میں کوئی وکٹ نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیے

ون ڈے کرکٹ میں سبقت پاکستان یا جنوبی افریقہ کی؟

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا میچ سوشل میڈیا پر شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ جہاں دونوں ٹیموں پر تبصرے کیے جارہے ہیں وہیں دوسری اننگز کے آغاز سے لے کر اختتام تک فخر زمان موضوع بحث بنے رہے۔

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کونٹین ڈی کوک کے اشارے پر فخر زمان کے رن آؤٹ ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹوئٹر کی ایک صارف پریا شرما نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کونٹین ڈی کوک کی حرکت کچھ اگلی سطح کی تھی۔ ان کے اندر کہیں چھوٹا کمار سنگاکارا چھپا ہوا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے فخر زمان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم سہہ ملکی ٹی ٹوینٹی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپیئن بن گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پاکستان نے روایتی حریف انڈیا کو 62 رنز سے شکست دی ہے۔

سہہ ملکی ٹی ٹوینٹی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 15 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز اسکور کیے اور انڈیا کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان جنوبی افریقہ انڈیا
PCB

پاکستان کی جانب سے کپتان نثار علی نے ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 69 رنز بنائے جبکہ ظفر اقبال نے 24 گیندوں پر شاندار 48 رنز اسکور کیے۔ انڈیا کی جانب سے اجے کمار نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں انڈیا کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا پائی تھی۔ پاکستان کی جانب سے ساجد نواز نے 2 اور کپتان نثار علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش میں ہونے والے بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان بنگلا دیش، پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ سیمی فائنل میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بنگلا دیش بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو شکست دی تھی۔

متعلقہ تحاریر