پاکستان کے پاس ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا سنہری موقع
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان 4 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 2-1 کی برتری حاصل ہے۔
جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم سے ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے پاس ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا آج سنہری موقع ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنی بہترین بلے بازی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جیت میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم جمعے کے روز دوسری مرتبہ جنوبی افریقہ کی سرزمین پر اس ہی کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان کو 2-1 کی برتری حاصل ہے۔
اس سے قبل 2013 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے خلاف 2 ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز 1-0 سے جیتی تھی کیونکہ دوسرا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
بابر اعظم نمبر ون بلے باز کیوں؟ جنوبی افریقہ میں بتادیا

پاکستان کرکٹ ٹیم اگر آج پروٹیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح حاصل کرلیتی ہے تو رواں سال میں گرین شرٹس کی یہ جنوبی افریقہ کے خلاف ایک سال میں دوسری کامیابی ہوگی۔ اس سے قبل رواں سال فروری میں پاکستان نے اپنی سرزمین پر جنوبی افریقہ کو سیریز میں شکست سے دوچار کیا تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایک روزہ میچوں کی بیٹنگ میں عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر براجمان کپتان بابر اعظم کے پاس جنوبی افریقہ کے ایک دورے کے دوران 2 ٹرافیز اپنے نام کرنے کا سنہری موقع ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم سنچورین کے سپرپورٹ پارک میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کا کوئی میچ نہیں ہاری ہے جبکہ سیریز کا فائنل بھی سپرپورٹ پارک میں ہی کھیلا جارہا ہے۔ سپرپورٹ پارک میں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 10 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 5 میں فتح نے جنوبی افریقہ کے قدم چومے ہیں جبکہ 5 میں پروٹیز نے شکست کا منہ دیکھا ہے۔
سنچورین کے سپرپورٹ پارک میں آخری مرتبہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 5 وکٹس سے شکست دی تھی۔
آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں گرین شرٹس کی چوتھی پوزیشن ہے جبکہ پروٹیز چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے۔









