پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کامن ویلتھ گیمز کے لیے کوالیفائڈ

اس ایونٹ میں 8 ممالک کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مدمقابل آئیں گی۔

پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ 28 ویں کامن ویلتھ گیمز کا آغاز 8 جولائی سے برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ہوگا۔ اس ایونٹ میں 8 ممالک کی ٹیمز ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مد مقابل ہوں گی۔ یہ پہلی بار ہورہا ہے کہ خواتین کرکٹ ٹیمز بھی کامن ویلتھ گیمز کا حصہ بن رہی ہیں۔

ٹورنامنٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے علاوہ آسٹریلیا، انڈیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی وومنز ٹیمز حصہ لیں گی جبکہ گیمز میں شرکت کے لیے آٹھویں ٹیم کا فیصلہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم نمبر ون بلے باز کیوں؟ جنوبی افریقہ میں بتادیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت سے پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم کو دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ میں اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور آئی سی سی ویمنز کمیٹی کوبھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی محنت کی وجہ سے ویمنز کرکٹ کو کامن ویلتھ گیمز میں شامل کیا گیا ہے۔ ہم اس موقع پر کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بھی شکرگزار ہیں۔

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں اپنے ملک کی نمائندگی کاموقع ملنا اعزاز کی بات ہے ، لہٰذا میں اس موقع پر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں برمنگھم میں شیڈول اس ایونٹ میں شرکت کی شدت سے منتظر ہوں اور وہاں عمدہ کھیل پیش کرنے کے ساتھ مایہ ناز کرکٹرز اور دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے نامور ایتھلیٹس سے ملنے کی بھی خواہشمند ہوں۔‘

متعلقہ تحاریر