پاکستان ٹیسٹ کیپ نمبر 244 کرکٹر ساجد خان کے نام

ساجد خان نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز 22 اکتوبر 2016 کو پشاور کی جانب سے قائداعظم ٹرافی میں کھیلتے ہوئے کیا تھا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے والے آل راؤنڈر کرکٹر ساجد خان نے ٹیسٹ کیپ نمبر 244 حاصل کرلی ہے۔ ستمبر 1993 کو صوبہ خیبرپختونخوا میں پیدا ہونے والے ساجد خان نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز 22 اکتوبر 2016 کو پشاور کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی میں کھیلتے ہوئے کیا تھا۔

اگر آپ زندگی میں کوئی شے حاصل کرنے کے لیے خلوص دل کے ساتھ محنت کریں تو بلاشبہ اللہ تعالیٰ اس شے کو آپ کی جھولی میں ڈال دیتا ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے بائیں ہاتھ کے آف بریک باؤلر ساجد خان کو ان کی محنت کا صلہ مل ہے۔ ساجد خان نے زمبابوے کے خلاف جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیسٹ کیپ حاصل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

لاہور میں رمضان کے موقع پر نائٹ گلی کرکٹ عروج پر

کوئی بھی کھلاڑی جو کرکٹ کو جنون کی حد تک چاہتا ہے اس کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کرکٹ کی معراج ٹیسٹ کرکٹ کھیلے۔ ساجد خان زمبابوے کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں کوئی قابل ذکر باؤلنگ کی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں تاہم امید کی جاسکتی ہے کہ اگر سلیکٹرز نے ان پر اعتماد کیا تو ان میں کوئی نہ کوئی خوبی تو ضرور ہوگی اور وقت کے ساتھ ہم سب پر آشکار ہو جائے گئی۔

کرکٹر ساجد خان

ساجد خان نے اپنے لسٹ اے کیریئر کا آغاز پشاور کی جانب سے ریجنل ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ سے 20 جنوری 2017 کو کیا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز پشاور کی جانب سے 2018-19 کے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں 11 دسمبر 2018 کو کیا تھا۔

قائد اعظم ٹرافی 2020-21 کے اختتام پر جنوری 2021 میں ساجد خان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا تھا اور اسی ماہ کے آخر میں ساجد خان کو پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے خیبرپختونخوا کے اسکواڈ کا حصہ بھی بنایا گیا تھا۔

ساجد خان کے کرکٹ کیریئر میں اہم موڑ اس وقت آیا جب جنوری 2021 کو انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا اس کے بعد انہیں مارچ 2021 میں ایک بار پھر زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا اور اس بار بالآخر انہیں 29 اپریل 2021 کو ٹیسٹ کیپ مل گئی ہے۔

ٹیسٹ کیپ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کرکٹر ساجد خان کہا ہے کہ میرے لیے یہ بہت خوشی کا مقام ہے کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں۔ یہ ایسی خوشی ہے کہ میں اسے الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 16 سال سے محنت کر رہا ہوں۔ انڈر 16 سے لے کر اس مقام تک سخت محنت کی ہے اور اب اللہ تعالیٰ نے اس کا صلہ بھی دے دیا ہے جس پر میں اللہ کا شکر گزار ہوں۔ ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے پر میری والدہ بہت خوش ہوئی ہوں گی کیونکہ وہ ہر وقت میرے لیے دعائیں کرتی ہیں۔ ان ہی کی دعاؤں کی وجہ سے آج میں اس مقام تک پہنچا ہوں۔ امید کرتا ہوں کہ پاکستان کے لیے اچھی سے اچھی کارکردگی دکھاؤں اور سلیکٹرز کی توقعات پر پورا اتروں۔

ساجد خان نے اب تک 35 فرسٹ کلاس میچز کی 61 اننگز میں 6 ہزار 937 گیندوں پر 3 ہزار 566 رنز دے کر 25.29 کی اوسط سے 141 وکٹس حاصل کیں ہیں۔

ساجد خان کی اننگز میں بہترین باؤلنگ 35 رنز کے عوض چھ وکٹس ہیں جبکہ ایک میچ میں اُن کی بہترین باؤلنگ 157 رنز کے عوض 10 وکٹس ہیں۔ ان کا اکانومی ریٹ 3.08 اور اسٹرائیک ریٹ 49.10 ہے۔

ساجد خان نے اب تک کے میچز میں 4 وکٹس 5 بار، 5 وکٹس 8 بار اور 10 وکٹس ایک بار حاصل کی ہیں۔ لسٹ اے کے 14 میچز میں ساجد خان نے 10 وکٹس حاصل کر رکھی ہیں۔ ساجد خان نے 7 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی 6 وکٹس حاصل کر رکھی ہیں۔

متعلقہ تحاریر