وسیم محمد کا سیلز مین سے پی ایس ایل تک کا سفر
وسیم محمد کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات آنے سے پہلے وہ پاکستان میں ضلعی سطح پر کرکٹ میچز کھیلا کرتے تھے۔
ملتان سلطانز نے ابوظہبی میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 کے باقی میچز میں وسیم محمد کو ٹیم کا کھلاڑی منتخب کیا ہے۔ وسیم محمد متحدہ عرب امارات میں ہونے والے کرکٹ میچز ٹی 10 میں اپنی بلے بازی کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
وسیم محمد پی ایس ایل کے چھٹے سیزن سے کرکٹ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ وہ 2016 میں ملازمت کی تلاش کے لیے پہلی مرتبہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات گئے تھے جس کے بعد واپس پاکستان آگئے تھے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق وسیم محمد کا کہنا ہے کہ ’میں 2016 میں وزٹ ویزا پر متحدہ عرب امارات آیا تھا اور پھر واپس پاکستان چلا گیا تھا۔ میں گذشتہ سال واپس آیا لیکن کرکٹ کھیلنا میرا خواب نہیں تھا کیونکہ میں ملازمت کی تلاش میں تھا۔‘
یہ بھی پڑھیے
شاہد آفریدی اور نسیم شاہ پی ایس ایل 6 سے باہر
انہوں نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات آنے سے قبل میں پاکستان میں ضلعی سطح پر کرکٹ میچز کھیلا کرتا تھا۔ وسیم محمد کو متحدہ عرب امارات میں مقامی سطح پر کرکٹ میچز کھیلنے کی خواہش تھی۔‘
محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ’سیلز ایگزیکٹو کی حیثیت سے میری ملازمت مجھ سے بہت کچھ مانگتی تھی جس کی وجہ سے میں کرکٹ نہیں کھیل سکتا تھا۔ اس کے باوجود میں طویل دفتری اوقات کے بعد رات میں متحدہ عرب امارات کے کچھ مقامی میچز کھیلنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ جس کے بعد مجھے ٹیم ’ناردرن واریئرز‘ کی طرف سے ابوظہبی ٹی 10 میں کھیلنے کی پیشکش ہوئی تھی جسے میں نے قبول کرلیا تھا۔‘

وسیم محمد نے ٹی10 میں 9 میچز میں 225.53 کے حیرت انگیز اسٹرائیک ریٹ سے 212 رنز بنائے جس سے ٹیم ’ناردرن واریئرز‘ کو 2 ٹی 10 ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بننے میں مدد ملی۔
27 سالہ اوپنر وسیم محمد پی ایس ایل کے چھٹے سیزن سے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا آغاز کرنے جارہے ہیں جہاں وہ بابر اعظم، محمد حفیظ، مارٹن گپٹل اور راشد خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ میچ کھیلیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’کرکٹر کی حیثیت سے یہ میری زندگی کا ایک بہت اہم لمحہ ہے۔ میں نے کبھی بھی نہیں سوچا تھا کہ میں ابوظہبی ٹی 10 اور پی ایس ایل جیسے پریمیئر ایونٹس میں کھیلوں گا۔ ٹی 10 کا تجربہ کافی اچھا رہا، ان میچز میں بین الاقوامی کھلاڑیوں نے میری کارکردگی کو بہتر بنانے کافی مدد کی ہے۔‘
انڈیا کے مایہ ناز بلے باز محمد اظہرالدین بھی ’ناردرن واریئرز‘ ٹیم کے رکن تھے جس کی وجہ سے وسیم محمد کو اپنی صلاحیت مزید بہتر کرنے میں مدد ملی۔ وسیم محمد کا کہنا ہے کہ ’اظہر بھائی واقعی بہت اچھے انسان ہیں۔ وہ ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کرتے رہے اور مجھے ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔‘
وسیم محمد اور سلطان احمد پی ایس ایل کے آغاز کا انتظار کر رہے ہیں۔ سلطان احمد متحدہ عرب امارات کے دوسرے کھلاڑی ہیں جنہیں آئندہ ماہ ابوظہبی میں پی ایس ایل کے باقی میچز کے لیے لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم کے لیے منتخب کیا ہے۔









