پی ایس ایل 6 میں 6 نئے کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کے لیے پرعزم

لیگ کے ابوظہبی میں ہونے والے تمام میچز رات میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن میں 6 نئے کھلاڑی رنگ جمانے کو تیار ہیں۔ محمد عمران، احمد دانیال، صہیب اللہ، ذیشان ضمیر، صائم ایوب اور محمد حارث کو ابوظہبی کے میچز کھیلنے کے لیے لیگ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پی ایس ایل کی شروعات کا مقصد ہی یہ تھا کہ اس کے ذریعے ملک میں موجود نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے۔ دیکھا جائے تو پاکستان سپر لیگ اس مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب بھی ہورہی ہے۔ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں 6 نئے کھلاڑیوں نے انٹری دی اور اب وہ ابوظہبی میں بھی اپنا رنگ جمانے کو تیار ہیں۔ ایونٹ کے کراچی میں کھیلے گئے 14 میچز میں تمام ٹیمز میں وہ نوجوان کھلاڑی بھی شامل تھے جنہوں نے پہلی مرتبہ لیگ میں شرکت کی۔

پشاور زلمی کے محمد عمران، لاہور قلندرز کے احمد دانیال، ملتان سلطانز کے صہیب اللہ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے ذیشان ضمیر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے صائم ایوب پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث کو ابوظہبی لیگ کے لیے پہلی مرتبہ کراچی کنگز کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

شاہد آفریدی اور نسیم شاہ پی ایس ایل 6 سے باہر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق احمد دانیال نے پی ایس ایل 6 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی سے پہلے ابوظہبی میں ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کھیلتے ہوئے 4 میچز میں 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ سوات سے تعلق رکھنے والے پشاور زلمی کے نوجوان فاسٹ بالر محمد عمران نے 7.05 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ بالنگ کی تھی اور 5 میچز میں 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے صائم ایوب نے بطور اوپنر ایونٹ کے 5 میچز میں 60 رنز بنائے تھے۔

ملتان سلطانز کے صہیب اللہ اب تک ہونے والے لیگ کے میچز میں وکٹ تو حاصل نہیں کر پائے ہیں تاہم انہوں نے پچھلے سال نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انڈر 19 کرکٹر ذیشان ضمیر اب تک لیگ کا کوئی میچ نہیں کھیل پائے ہیں تاہم وہ ابوظہبی میں قسمت آزمانے کے لیے پرعزم ہیں۔

پی ایس ایل 6 کا حصہ بننے والے تمام نئے کھلاڑی ابوظہبی میں ہونے والے ایونٹ کے بقیہ میچز کے لیے پرجوش ہیں اور اپنی بہترین کارکردگی سے ٹیم میں شامل ہونے کے خواہاں بھی ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا انعقاد جون میں کیا جائے گا۔ کہا جارہا ہے کہ ابوظہبی میں ہونے والے تمام میچز رات میں کھیلے جائیں گے۔ پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے کھلاڑیوں کی صحت کا خیال رکھنے کے لیے انہیں ناریل کا پانی بھی پلایا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر