عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کرکٹ کے میدان میں بھی آمنے سامنے

عاصم اظہر کراچی کنگز کی اور ہانیہ عامر پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

معروف گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ ہانیہ عامر کے درمیان پیدا ہونے والا تنازعہ سوشل میڈیا کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں کرکٹ کے میدان میں بھی دیکھنے کو ملے گا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے بقیہ میچز آج 9 سے 24 جون تک ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق تمام بقیہ میچز ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے دوران کوالیفائر اور ایلیمینیٹرون سمیت 6 ڈبل ہیڈر میچز رکھے گئے ہیں۔

کراچی کنگز اور پشاور زلمی کو لیگ کی بہترین ٹیمیں سمجھا جاتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں ٹیموں کی نمائندگی بالترتیب گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ ہانیہ عامر کر رہی ہیں۔ 15 جون بروز منگل کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی آپس میں ٹکرائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 6 کے میچز دیکھنے کے لیے شائقین کو رت جگا کرنا ہوگا

گزشتہ برس کئی سال کی گہری دوستی کے بعد اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ چند روز قبل ہانیہ عامر کی وجاہت رؤف کے بیٹے عاشر وجاہت کے ساتھ ایک ویڈیو کلپ سامنے آئی تھی جس کے بعد اداکارہ کو شدید تقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ہانیہ عامر کے خلاف ٹوئٹر پر ٹرینڈ چل پڑا تھا جس میں صارفین انہیں طرح طرح کے القابات سے نواز رہے تھے جبکہ گلوکار عاصم اظہر نے بھی اس معاملے پر ایک پوسٹ کی تھی۔

گزشتہ دنوں گلوکار عاصم اظہر نے معروف ٹی وی میزبان وقار ذکا کے ساتھ آن لائن گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بریک اپ جیسے نازک معاملے کا سوشل میڈیا پر مذاق بنانے پر کافی دکھ ہوا۔ عاصم اظہر کے وقار ذکا کو دیئے گئے انٹرویو کا کلپ بھی کافی وائرل ہورہا ہے۔

اب عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ایک بار پھر آمنے سامنے آرہے ہیں اور اس مرتبہ وہ کرکٹ کے میدان میں ایک دوسرے کے مخالف ہوں گے۔ کرکٹ شائقین سمیت دونوں فنکاروں کے مداح پُرجوش ہونے کے ساتھ ساتھ متجسس بھی ہیں۔ کرکٹ شائقین اپنے پسندیدہ ٹیموں کی فتح کے لیے دعاگو ہیں تو دوسری جانب عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے مداح ان کے خیرخواہی چاہتے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر میچ سے قبل ہی عاصم اظہر اور ہانیہ عامر سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔

ٹوئٹر صارفین دونوں فنکاروں کی تصاویر کے ساتھ دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر