ثانیہ مرزا اور شعیب ملک دبئی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولیں گے
ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ دبئی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا مقصد وہاں کے عوام کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا رواں برس اگست سے دبئی میں اسپورٹس اکیڈمی کا آغاز کریں گے جہاں ٹینس اور کرکٹ سکھائی جائے گی۔
اسپورٹس اکیڈمی کا اعلان جاپانی ٹینس کھلاڑی نومی اوساکا کے 31 مئی کو ذہنی صحت کی وجہ سے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز غیر ملکی اخبار ’گلف‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ثانیہ مرزا نے اپنی اکیڈمی کے منصوبے اور نومی اوساکا کے فیصلے کے بارے میں خیالات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے
ٹینس کے دو کھلاڑی فرنچ اوپن سے دستبردار کیوں ہوئے؟
ثانیہ مرزا نے انٹرویو میں کہا کہ ’متحدہ عرب امارات کھیلوں میں بہت زیادہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور اکیڈمی دبئی میں کھولنے کا مقصد وہاں کے عوام کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔‘
EXCLUSIVE: @MirzaSania & @realshoaibmalik reveal plans to launch #tennis & #cricket academies in #Dubai. @gulf_news @GulfNewsTabloid @GBGulf1 https://t.co/YjmS2Ty9To
— Gulf News Sport (@GulfNewsSport) June 10, 2021
ثانیہ مرزا نے انٹرویو میں انڈیا کے شہر حیدر آباد میں اپنے ٹینس اسکول کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’دبئی میں اسپورٹس اکیڈمی ان کے ٹینس اسکول کی ہی برانچ ہوگی۔‘
انٹرویو کے دوران ثانیہ مرزا سے جاپانی ٹینس کھلاڑی نومی اوساکا کے فرنچ اوپن ٹورنامنٹ سے دستبرداری کے حوالے سے سوال کیا گیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ذہنی صحت بہت ضروری ہے۔‘
ثانیہ مرزا 2007 اور 2011 میں فرنچ اوپن ٹورنامنٹ میں شرکت کرچکی ہیں۔ انہیں میچز کے لیے برطانیہ روانہ ہونا ہے جبکہ ان کے شوہر شعیب ملک آج کل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے میچز میں مصروف ہیں۔









