ٹک ٹاک اور فیس بک پر پی ایس ایل میچز کا مزہ دوبالا

ٹک ٹاک کے ساتھ معاہدے کی ایک بڑی وجہ ایپ پر لوگوں کی پی ایس ایل سے متعلق مواد کی پسندیدگی ہے۔

کرکٹ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کے لیے اچھی خبر ہے کہ اب وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے میچز کبھی بھی اور کہیں بھی دیکھ سکیں گے اور اس حوالے سے اپنا کانٹینٹ بھی تیار کرسکیں گے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کا مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔

پی ایس ایل کے بقیہ میچز ابوظہبی میں جاری ہیں۔ کرونا کے باعث گراؤنڈ میں تماشائیوں کا داخلہ ممنوع ہے اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچز کو دنیا بھر میں دکھانے کے لیے اہم اقدام اٹھالیا ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کا ٹک ٹاک اور فیس بک سے معاہدہ ہوگیا ہے۔

اس شراکت داری کے تحت ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے والے نوجوانوں کو پی ایس ایل میچز کے حوالے سے کانٹینٹ تیار کرنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سرفراز احمد کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر موضوع بحث

ٹک ٹاک کے ساتھ معاہدے کی ایک بڑی وجہ ایپ پر لوگوں کی کرکٹ میچز سے متعلق مواد کی پسندیدگی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے پی ایس ایل 6 کے ترانے گروو میرا کو ٹک ٹاک پر خوب پذیرائی ملی تھی۔ ترانے کو ٹک ٹاک پر اب تک ایک ارب سے زائد افراد دیکھ اور سن چکے ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ کرکٹ شائقین اب فیس بک پر براہ راست پی ایس ایل 6 کے میچز سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ فیس بک کے ساتھ اس شراکت داری سے نہ صرف دنیا بھر کے مداحوں کو سنسنی خیز میچز دیکھنے کو ملیں گے بلکہ اس سے پی سی بی کو آمدن کے نئے ذرائع بھی میسر آئیں گے۔

میچز کی براہ راست نشریات دیکھنے کے لیے صارفین کو یک وقتی سائن اَپ کے عمل سے گزرنا ہوگا جس کے بعد وہ کسی بھی وقت میچز دیکھ سکیں گے۔

متعلقہ تحاریر