رونالڈو کا مداحوں کو پانی پینے کا مشورہ کوکا کولا کو لے ڈوبا
اسٹار فٹبالر کو یورپین چیمپیئن شپ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوچکا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے پریس کانفرنس میں مقبول سافٹ ڈرنک ’کوکا کولا‘ کے بجائے پانی پینے کا مشورہ کیا دیا کمپنی کو 4 ارب ڈالرز کا نقصان ہوگیا۔
اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے مداح دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں جو کہ ان کی ہر ادا پر فدا ہیں۔ رونالڈو کے اسٹار پاور کا یہ حال ہے کہ اگر وہ کسی برانڈ سے منسلک ہوجائیں تو اس کی چاندی ہوجاتی ہے۔ اسی طرح اگر رونالڈو کسی برانڈ کے لیے اپنی ناپسندیدگی ظاہر کریں تو کمپنی کو راتوں رات اربوں ڈالرز کا نقصان ہوجاتا ہے۔
گزشتہ روز کرسٹیانو رونالڈو نے یورو 2020 پریس کانفرنس سے پہلے میز پر موجود کوکا کولا کی دونوں بوتلیں ہٹا کر پانی کی بوتل رکھ دی اور سب کو سافٹ ڈرنک کے بجائے پانی پینے کو ترجیح دینے کا پیغام دیا۔
Do NOT put Coca Cola in front of Cristiano Ronaldo 😠
This is absolutely brilliant 🤣 pic.twitter.com/bw9FYlTOI4
— Goal (@goal) June 15, 2021
یہ بھی پڑھیے
کرسٹیانو رونالڈو کے اسٹاپش ٹائم میں گول پر تنازعہ
رونالڈو کے اس چھوٹے سے مشورے نے برانڈ پر اتنا منفی اثر ڈالا کہ ایک ہی روز میں کوکا کولا کے شیئرز 1.6 فیصد گر گئے۔ بازار حصص میں کمپنی کے شیئرز 242 ارب ڈالرز سے 238 ارب ڈالرز پر آگئے یعنی کمپنی کو مجموعی طور پر 4 ارب ڈالرز کا نقصان ہوگیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کوکا کولا یورو 2020 کا اسپانسر ہے لیکن رونالڈو نے اس بات کی پرواہ کیے بغیر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ فٹبال اسٹار نے برانڈ کے مخالف ہونے کی وجہ تو نہ بتائی لیکن سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ اس مخالفت کے پیچھے کمپنی کا اسرائیل سے منسلک ہونا ہے۔
واضح رہے کہ ہنگری اور پرتگال کے میچ میں پینلٹی کک کے بعد کرسٹیانو رونالڈو یورپین چیمپیئن شپ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں۔