کیا محمد عامر کے لیے شاہنواز دھانی خطرے کی گھنٹی ہیں؟

کرکٹ پنڈتوں کا خیال ہے کہ اب تک پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے شاہنواز دھانی ملتان سلطانز کو ٹرافی جتوا سکتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کی فرئچائز ٹیم ملتان سلطانز کے مایہ ناز بالر شاہنواز دھانی پی ایس ایل سیزن 6 میں سب سے زیادہ وکٹس لینے والے بالر کی حیثیت سے سامنے آئے ہیں۔ شاہنواز دھانی کی متاثر کن کارکردگی نے فاسٹ بالر محمد عامر کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

دائیں بازو سے تیز گیند کرانے والے بالر شاہنواز دھانی نے پی ایس ایل سیزن 6 میں شاندار کارکردگی سے سب کے دلوں میں گھر کرلیا ہے۔ شاہنواز دھانی پی ایس ایل سیزن 6 میں اب تک 9 میچز کھیل کر 20 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کیا پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرپائیں گی؟

شاہنواز دھانی کی کارکردگی دیکھتے ہوئے کرکٹ پنڈتوں نے کہا ہے کہ وہ ملتان سلطانز کو پی ایس ایل سیزن 6 کی ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

لاڑکانہ ایکسپریس کے نام سے بھی پہچانے جانے والے فاسٹ بالر شاہنواز دھانی ایسے بالر کے طور پر سامنے آئے ہیں جو محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

گزشتہ سال دسمبر میں محمد عامر کے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کے اعلان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامیہ اور سلیکٹرز کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔ رواں سال اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ فاسٹ بالر محمد عامر مختصر ترین فارمیٹ کے لیے بہترین گیند باز تصور کیے جاتے ہیں تاہم ان کی سبکدوشی کے اعلان نے کرکٹ کے حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

پی ایس ایل سیزن 6 میں بہترین کارکردگی دکھانے والے شاہنواز دھانی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ پی سی بی سلیکٹر کے لیے آئندہ ٹورنامنٹ کے لیے بہترین انتخاب ہوسکتے ہیں۔ وہ رواں سال کے آغاز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن کر جنوبی افریقہ اور زمبابوے کا دورہ کرچکے ہیں تاہم انہیں ڈیبیو کا موقع حاصل نہیں ہوا تھا۔

محمد عامر نے چند ٹی ٹوئنٹی میچز میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں شمولیت پر شاہنواز دھانی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان نے حال ہی میں فاسٹ بالر محمد عامر سے ملاقات کی ہے۔ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ میگا ایونٹ سے قبل محمد عامر قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر