پی ایس ایل 6 میں جیت پر شاہنواز دھانی کے چرچے

ملتان سلطانز نے پہلی مرتبہ پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کی ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرلی ہے اور سوشل میڈیا پر لیگ کے بہترین بالر شاہنواز دھانی کے خوب چرچے ہورہے ہیں۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے  پی ایس ایل 6 کے فائنل میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں پشاور زلمی 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 159 رنز ہی بنا سکی۔

ملتان سلطانز کے بیٹسمین صہیب مقصود نے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 35 گیندوں پر 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ رائیلی روسونے صرف 21 گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔ شان مسعود نے 37، محمد رضوان نے 30 اور خوشدل شاہ نے 15 رنز بنائے جبکہ جانسن چارلس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد عمران اور ثمین گل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیے

کیا محمد عامر کے لیے شاہنواز دھانی خطرے کی گھنٹی ہیں؟

ملتان سلطانز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے سب سے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حضرت اللہ تھے جو 42 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنا سکے تھے۔ کامران اکمل 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی تیسری وکٹ 58 رنز پر جوناتھن ویلز کی صورت میں گری جنہوں نے 6 رنز بنائے۔

مین پاؤل 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ شعیب ملک نے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 48 رنز اسکور کیے۔ ردر فورڈ 10 گیندوں پر 18 رنز بنا کر عمران طاہر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے 3 ، مزربانی اور عمران خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سہیل تنویر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے ملتان سلطانز کو پی ایس ایل 6 جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

فخر زمان نے بھی ملتان سلطانز کو جیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔

پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں پاکستان کو شاہنواز دھانی کی صورت میں ایک شاندار بالر مل گیا ہے۔ شاہنواز دھانی لیگ کے بہترین بالر کے طور پر سامنے آئے ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں ہیں۔ ٹوئٹر پر شاہنواز دھانی کے خوب چرچے ہورہے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے شاہنواز دھانی کی پرانی تصویر شیئر کی جس میں انہیں گاؤں میں بلے بازی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ شاہنواز دھانی کی پی ایس ایل 6 میں کھیلنے کی تصویر لگائی اور ساتھ لکھا کہ ’کس نے سوچا تھا کہ گاؤں میں کھیلنے والا لڑکا پی ایس ایل 6 میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والا بالر بن جائے گا۔‘

شاہنواز دھانی نے صرف مداحوں کو ہی نہیں بلکہ سیاستدانوں کو بھی اپنا گرویدہ کرلیا ہے۔ علی ترین خان نے لکھا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے شاہنواز دھانی جیسے ٹیلنٹ کو تلاش کرلیا ہے۔

ایک صارف نے تصویر شیئر کی جس میں اظہر محمود شاہنواز دھانی کو محبت بھرے انداز میں دیکھ رہے ہیں۔ اظہر محمود کی اہلیہ نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے اپنے شوہر کے لیے لکھا کہ ’کبھی مجھے بھی ایسے دیکھ لیا کریں۔‘

شاہنواز دھانی نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے ملتان سلطانز کے رضوان احمد، شاہنواز دھانی عمران خان اور دیگر کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

ادھر پشاور زلمی ٹیم کے مالک جاوید آفریدی نے بھی ملتان سلطانز کو مبارکباد دی ہے۔ ساتھ ہی لکھا کہ پی ایس ایل 7 میں پشاور زلمی مزید مضبوط ہو کر لوٹے گی۔

متعلقہ تحاریر